جموں //عارضی انتظامات کے طور پر حکومت نے سیول سیکریٹریٹ میں تعینات ملازمین کو جموں اور سرینگر میں ڈیوٹیاں تفویض کی ہیں ۔کورونا وائرس کی وجہ سے امسال دربار مو وقت پر سرینگر منتقل نہیںہوااوردربار کی منتقلی 15جون تک موخر کرتے ہوئے حکومت نے جموں اور سرینگر دونوں جگہ ملازمین تعینات کئے ہیں تاکہ کام کاج جاری رکھاجاسکے ۔ایک افسر نے بتایاکہ ہر ایک محکمہ کے ملازمین کی فہرست تیار کی گئی ہے اور انہیں جموں اور سرینگر میں کام کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔ ان فہرستوں کے مطابق کشمیر سے تعلق رکھنے والے بیشتر ملازمین سرینگر سیکریٹریٹ میں کام کریں گے جبکہ جموں کے ملازمین کو جموں میں ہی رکھاگیاہے ۔مذکورہ افسر نے بتایاکہ دونوں جگہوں تعینات ملازمین کے درمیان تال میل قائم رکھنے کیلئے ویڈیو کانفرنسنگ کی جائے گی ۔محکمہ عمومی انتظامی کے ساتھ ساتھ دیگر تمام محکمہ جات کی طرف سے بھی اپنے اپنے ملازمین کی فہرست تیار کرکے ان کو جموں اور سرینگر میں تعینات رکھاگیاہے ۔ اس کے علاوہ روسٹر کی بنیاد پر ملازمین کے ڈیوٹی سرانجام دینے والے دنوں کا تعین بھی کیاگیاہے ۔