گاندربل//عوامی زندگی میں دیانتداری، ایمانداری اور شفافیت کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے سینٹرل یونیورسٹی کشمیر نے پیرکو ویجی لنس بیداری ہفتہ کے سلسلے میں ملازمین کے لیے گرین کیمپ میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا۔اس پروگرام میں ہفتہ بھر کی تقریبات تنظیمی، ادارہ جاتی اور عوامی زندگی کے شعبوں میں اخلاقیات اور اخلاقی طریقوں کو فروغ دینے پر زور دیا جائے گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر فیاض احمد نیکہ نے کہا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد تمام کارکنان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے کہ وہ انفرادی اور اجتماعی طور پر بدعنوانی کی روک تھام اور اس کے خلاف لڑنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ بدعنوانی کے وجود اور اس کے نتائج کے ساتھ ساتھ غیر اخلاقی طرز عمل کے بارے میں عوامی بیداری قائم کرنا ہے۔انہوں نے کہا ،’’لالچ ضرورت سے آگے نکل گیا ہے،جو بدعنوانی کی ایک بڑی وجہ ہے‘‘۔پروفیسر فیاض احمد نیکہ نے کہا کہ ہر سال ویجیلنس بیداری ہفتہ منانا سینٹرل ویجی لنس کمیشن کے کثیر الجہتی طریقہ کار کا حصہ ہے تاکہ ملازمین اور عوام کو بدعنوانی کو روکنے کے طریقوں کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے۔آن لائن موڈ کے ذریعے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے رجسٹرارپروفیسر ایم افضل زرگر نے کہا کہ سرکاری اور نجی اداروں میں رشوت ستانی اور بدعنوانی کی دیگر اقسام کو روکنے کے لیے سخت قوانین اور متعدد سرکاری اداروں کے قیام کے باوجود رشوت ستانی عروج پر ہے۔انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کاو فوری طور پر سدباب کرنے اور اس سے نمٹنے کی ضرورت ہے، انہوں نے مزید کہا کہ رشوت ستانی کو جرم کے ساتھ روکتھام کیا جائے اور ملوث افراد کو سزا دی جائے۔اپنے خطبہ استقبالیہ میں شعبہ اسٹوڈنٹس ویلفیئر کے سربراہ ڈاکٹر معراج الدین شاہ نے کہا کہ ویجیلنس بیداری ہفتہ کے دوران پروگراموں کے انعقاد کا مقصد افسران اور عوام کو بدعنوانی کے مضر اثرات سے آگاہ کرنا اور اس لعنت کے خلاف لڑنے کی ترغیب دینا ہے۔اس موقع پر ملازمین نے یہ عہد بھی کیا کہ وہ تمام کام ایمانداری اور شفاف طریقے سے انجام دیں گے اور کسی بھی بدعنوانی کے واقعہ کی اطلاع متعلقہ ادارے کو دیں گے۔