عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر/وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کوراجیہ سبھا کے 59 سبکدوش ہونے والے ارکان کو الوداع کہتے ہوئے کہا کہ سیاست میں کبھی فل اسٹاپ نہیں ہوتا اور عوامی زندگی میں خدمات کا سلسلہ ہمیشہ جاری رہتا ہے۔پارلیمنٹ کے ایوانِ بالا راجیہ سبھامیں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سبکدوش ہونے والے ارکان کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ ایسے مواقع پر سیاسی اختلافات خود بخود ختم ہو جاتے ہیں اور ایک مشترکہ جذبہ ابھر کر سامنے آتا ہے وزیر اعظم نے ان ارکان کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ جو واپس ایوان میں نہیں آئیں گے، ان کیلئے بھی مستقبل میں خدمات کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے پارلیمنٹ کو ایک ‘‘اوپن یونیورسٹی’’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں حاصل ہونے والا تجربہ قومی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو سمجھنے میں مدد دیتا ہے۔
اپنے خطاب میں مودی نے سینئر رہنماؤں ایچ ڈی دیوی گوڈا،، ملک ارجن کھرگے اور شرد پوارکو خصوصی طور پر خراج تحسین پیش کیا اور انہیں پارلیمانی سیاست کے ستون قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان رہنماؤں کی طویل خدمات نئی نسل کے سیاستدانوں کیلئے ایک مثال ہیں۔مودی نے دو ایوانی پارلیمانی نظام کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایک ایوان میں ہونے والے فیصلے کو دوسرے ایوان میں ‘‘دوسری رائے’’ کیلئے بھیجا جانا جمہوری عمل کو مزید مضبوط بناتا ہے۔ادھر، راجیہ سبھا کے چیئرمین پی سی رادھا کرشنن نے ایوان کی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے بتایا کہ اپریل سے جولائی کے درمیان 20 ریاستوں کے 59 ارکان، جن میں 9 خواتین بھی شامل ہیں، اپنی مدت مکمل ہونے پر سبکدوش ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہر دو سال بعد ایک تہائی ارکان کی ریٹائرمنٹ ایوان کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ نئے ارکان کو شامل ہونے کا موقع فراہم کرتی ہے، جو جمہوری نظام کی مضبوطی کیلئے ضروری ہے۔