سیاح کی موت پر علیحدگی پسند جماعتوں کا اظہار افسوس

سرینگر//مسلم لیگ نے نارہ بل میں تمل ناڈو سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان سیاح کی موت کو افسوسناک اور بدقسمتی سے تعبیر کرتے ہوئے اسے کشمیری روایات کے خلاف قرار دیا ہے۔لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے کہا کہ نارہ بل میں جو واقعہ پیش آیا وہ ہر لحاظ اور ہر زاویے سے غیر انسانی فعل ہے جس کی کسی بھی مہذب سماج میں قطعاََکوئی گنجائش نہیں ہے اور نہ اسے کشمیر کی تحریک مزاحمت کے لئے کوئی اچھا قدم سمجھا جاسکتا ہے بلکہ ایسی غیر شائستہ حرکتیں کشمیریوں کی مبنی بر حق جدوجہد کے لئے برگِ حشیش ہے لہذا اس کی جتنی مزمت کی جائے کم ہے مگر کل سے جس طرح اس واقعہ کو بنیاد بنا کر بھارتی میڈیااور سیاستدانوں نے آسمان سر پر اٹھا لیا وہ نہایت ہی مضحکہ خیز ہے اور جس سے ان کا دوغلہ پن اور دوہرا معیار واضح ہوجاتا ہے کہ جب  ہر دن ایسے ہی نوجوان کشمیر کے اندر فوج کے ہاتھوں بے گناہ قتل کئے جاتے ہیں تو ان تمام کو جیسے سانپ سونگھ جاتا ہے اور ان کی زبانوں پر چپی کی مہر ثبت ہوجاتی ہے اور ان کے اس رویے سے ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے کشمیریوں کا خون بہانا ان تمام لوگوں کا مقدس پیشہ ہے۔