شوپیان// مشہور سیاحتی مقام اہرہ بل علاقے میں پیر کو مسلح تصادم میں ایک جنگجو جاں بحق ہوا۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ لشکر کا اعلیٰ کمانڈر تھا۔ علاقے میں مزید جنگجوئوں کی موجودگی کے شبہ کے پیش نظر آپریشن رات بھر کیلئے ملتوی کردیا گیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ اہربل سے قریب دو کلومیٹر دور چیرن بل نامی جنگلاتی علاقے میں جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی جس کے بعد درمیانی شب 62آر آر،14بٹالین اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے قریب دو کلو میٹر کا راستہ پیدل طے کیا اور صبح 7بجے آپریشن شروع کیا۔ اہربل سے مذکورہ علاقے تک کوئی راستہ نہیں جاتا ہے۔جنگلاتی علاقے کا آپریشن دن بھر جاری رہا اور شام 5بجے سیکورٹی فورسز کا جنگجوئوں کیساتھ آمنا سامنا ہوا جس کے دوران طرفین میں گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا جس میں ایک مقامی جنگجو جاں بحق ہوا۔سیکورٹی فورسز نے اسکے بعد مزید جنگلاتی علاقے کو محاصرے میں لیا اور روشنیوں کا انتظام کر کے آپریشن کو منگل کی صبح تک ملتوی کیا۔غیر مصدقہ اطلاع کے مطابق مہلوک جنگجو کی شناخت عامر حسین میر ساکن چک چولن شوپیان کے بطور کی گئی ہے لیکن ابھی تک پولیس کی جانب سے اسکی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔پولیس نے بتایا کہ منگل کی صبح آپریشن کا دوبارہ آغاز کردیا جائیگا۔
بارہمولہ میں حادثاتی گولی نکلی،پولیس اہلکارشدید زخمی،ہسپتال منتقل
فیاض بخاری
بارہمولہ// ضلع بارہمولہ میں پولیس اہلکارحادثاتی طور پر فائرنگ میں زخمی ہوا ۔ یہ واقعہ بارہمولہ کے چندوسہ گائوں میں پیش آیا۔ اپنی پارٹی سے وابستہ فضل محمد بیگ کے گھر پر تعینات محافظ الطاف حسین چچی کی سروسز رائفل سے حادثاتی طور پر گولی نکلی، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوا۔مذکورہ اہلکار کو بارہمولہ جی ایم سی منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔