عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//چیف سیکرٹری اَتل ڈولونے ورلڈ بینک کی ٹیم کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی جس میں جموں و کشمیر میں نئے سیاحتی مقامات کی ترقی اور یہاں دستکاری شعبے کو فروغ دینے کے لئے آگے بڑھنے کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا۔ ورلڈ بینک کی ٹیم نے اپنے چارروزہ دورے کے اِختتام پر نئے منصوبوں کے لئے ضروری مداخلتوں کے بارے میں مختلف تجاویز پیش کیں۔میٹنگ میں منصوبے کی فنڈنگ کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور ورلڈ بینک کے مالی تعاون سے چلنے والے جہلم توی فلڈ ریکوری پروجیکٹ (جے ٹی ایف آر پی) میں مزید ایک برس کی توسیع کا مطالبہ بھی دورہ کرنے والی ورلڈ بینک ٹیم کے سامنے رکھا گیا۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ حکومت کی توجہ تمام سیاحتی مقامات کی دیرپا ترقی کو یقینی بنانے پر ہوگی تاکہ دیرپا ترقی کے اہداف میں سیاحتی شعبے کی شراکت کو فروغ دیا جاسکے۔ورلڈبینک کی ٹیم نے سیاحتی ترقی کے لئے مجموعی سٹریٹجک وژن رکھنے اور منظم ترقی کے لئے سیاحتی مقامات کے مقامی منصوبوں کو تیار کرنے پر زور دیا۔ ٹیم نے زیر بحث دیگر امور کے علاوہ سیاحتی مقامات کی بہتر دیکھ دیکھ کے لئے سہولیات کے قیام کے سلسلے میں دیر پا اِشارے پر کام کرنے پر بھی زور دیا۔سیاحتی سہولیات کے قیام میں سرمایہ کاری کے لئے نجی شعبے کی شمولیت کی ضرورت، حکومت کی جانب سے کاغذی کارروائی اور کلیئرنس میں تیزی لاتے ہوئے کاروبار کو سہولیت فراہم کرنے اور کلین گرین برانڈ تیار کرنے کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔