عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ملک بھر میں سگریٹ پر عائد ایکسائز ڈیوٹی میں اضافے کے بعد جموں و کشمیر میں بھی سگریٹ کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ حکومت ہند نے یکم فروری 2026 سے نئی ٹیکس شرحیں نافذ کی ہیں جس کے باعث مختلف برانڈز کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
نئے ایکسائز ڈھانچے کے مطابق 65ملی میٹر تک بغیر فلٹر سگریٹ پر 2.05 روپے فی سگریٹ، شارٹ فلٹر پر 2.10 روپے، 65 سے 70 ملی میٹر سگریٹ پر تقریبا 3.6 سے 4 روپے جبکہ 70 سے 75 ملی میٹر پریمیم سگریٹ پر 5.4 روپے تک ڈیوٹی عائد کی گئی ہے۔ملک کے بڑے شہروں میں پہلے ہی سگریٹ کے پیکٹ کی قیمتوں میں 10 سے 90 روپے تک اضافہ رپورٹ ہوا ہے جبکہ کنگ سائز سگریٹ کی فی اسٹک قیمت 24 سے 25 روپے تک پہنچ سکتی ہے۔چونکہ جموں و کشمیر میں زیادہ تر استعمال ہونے والے آر ایس ایف ٹی سگریٹ ہیں، اس لیے یہاں بھی قیمتوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔