عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیربرائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے جنوبی کشمیر کے مختلف اضلاع کا دورہ کیا اور مسلسل بارشوں کے بعدموجودہ صورتحال کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران وزیر موصوفہ نے متعلقہ ضلع ہیڈکوارٹروں میں ضلع ترقیاتی کمشنروں اور مختلف محکموں کے سینئر افسران کے ساتھ الگ الگ جائزہ میٹنگوں کی صدارت کی تاکہ ناموافق موسمی حالات کے پیش نظر اِنتظامیہ کی تیاریوں اور ردِعمل کے اقدامات کاجائزہ لیا جاسکے۔انہوںنے سیلاب سے نمٹنے کی تیاریوں، ایمرجنسی رسپانس میکانزم کا کام ، بنیادی سہولیات کی بحالی، صحت خدمات کی دستیابی، سڑکوں کی رابطہ کاری، بجلی و پانی کی فراہمی اور جہاں ضرورت ہو وہاں انخلا اور اِمدادی انتظامات سمیت صورتحال جامع جائزہ لیا۔
سکینہ اِیتو نے اِنتہائی چوکسی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ضلعی اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ سیلاب کے خطرے سے دوچار اور حساس علاقوں میں چوبیس گھنٹے نگرانی یقینی بنائی جائے اور لوگوںتک موسمی انتباہات اور مشورے بروقت پہنچائے جائیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ مسلسل بارشوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے افرادی قوت اور مشینری کو پوری طرح تیار رکھیں۔انہوںنے کہا کہ لوگوںکی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہونی چاہیے اور تمام محکمے باہمی اشتراک اور قریبی رابطے کے ساتھ کام کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال میں فوری کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ایمرجنسی کنٹرول روم مکمل طور پر فعال رہیں، مناسب عملہ تعینات ہو اور عوامی شکایات کے ازالے اور فوری اِمداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔میٹنگ میں متعلقہ اضلاع کے مختلف حلقوں کے اسمبلی اراکین،ضلع ترقیاتی کمشنروں، ضلعی انتظامیہ کے سینئر افسران اور مختلف محکموں کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔