یواین آئی
سرینگر//جموں و کشمیر کی اقتصادی جرائم ونگ )ای او ڈبلیو(نے سرینگر کے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت کے سامنے چار افراد کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے ۔یہ افراد نوکری کے نام پر دھوکہ دہی کرنے والے گروہ میں شامل تھے ، جس میں ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا )اے اے آئی(میں نوکری دلانے کے جھوٹے وعدے پر بے روزگار نوجوانوں کو ٹھگا گیا تھا۔ یہ چارج شیٹ انفارمیشن ٹیکنالوجی) آئی ٹی(ایکٹ کے تحت داخل کی گئی ہے ۔یہ چارج شیٹ اتر پردیش کے نوئیڈا کے رہنے والے موہت شرما عرف بھاردواج، ڈومریا گنج کے رہنے والے رام لکھن اور نئی دہلی کے رہنے والے مکیش کمار نیز محمود خان کے خلاف داخل کی گئی ہے ۔ محکمہ جرائم کے مطابق وادیِ کشمیر کے متعدد اضلاع سے شکایات ملنے کے بعد یہ معاملہ درج کیا گیا تھا۔ شکایات میں الزام لگایا گیا تھا کہ ملزمان نے اے اے آئی میں ملازمت دلانے کے بہانے نوکری کے خواہش مندوں سے لاکھوں روپے وصول کر کے ان کے ساتھ دھوکہ دہی کی تھی۔حکام نے بتایا کہ تحقیقات میں ملزمان کے خلاف الزامات ثابت ہوئے ، جس کے بعد اقتصادی جرائم ونگ نے تفتیش مکمل کی اور عدالتی کارروائی کے لیے مجاز عدالت کے سامنے چارج شیٹ داخل کی۔