سرینگر// محکمہ تعلیم نے جمعہ کو کشمیر صوبہ کے تمام چیف ایجوکیشن افسران کو حکم دیا ہے کہ وہ تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں ورچوئل کلاسوں کے نئے جاری کردہ ہدایت نامہ پر عمل درآمد کریں۔ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن کشمیر کے احکامات کے مطابق’’ اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے پرنسپل سکریٹری نے کہا ہے کہ کشمیر ڈویژن کے چیف ایجوکیشن افسران کو چاہئے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ورچوئل کلاسوں کے بارے میں نئی جاری کردہ ہدایات پر متعلقہ حکام اور تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کے تمام اداروں کے سر برہان اس پر سختی سے عمل پیرا ہو۔حکم نامہ میں کہا گیا ہے’’انتظامی محکمہ نے تعمیلی رپورٹ بھی طلب کی ہے جو ہفتہ وار بنیادوں پر پیش کی جائے گی‘‘۔