سکل ٹریننگ سینٹروں کے کام کاج کا جائزہ

سرینگر //پرنسپل سیکرٹری سکولی تعلیم و سکل ڈیولپمنٹ ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے جمعرات کو ڈپٹی کمشنروں سے کہا کہ وہ اَپنے اضلاع میں سکل ڈیولپمنٹ پروگراموں میں سرعت لا ئیں تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان روزگار کے موافق ہنروں میں تربیت حاصل کرسکیں۔ڈاکٹر سامون جمعرات کو جموںوکشمیر میں سکل ڈیولپمنٹ شعبے کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ میٹنگ کی صدارت کر رہے تھے۔میٹنگ میں ڈائریکٹرسکل ڈیولپمنٹ سجاد حسین، ڈائریکٹر جے اینڈ کے ای آئی ڈی جی ایم ڈار،ڈائریکٹر انڈسٹریز کشمیر محمود احمد شاہ، ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم مسرت الاسلام ،منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ایس ڈی ایم پیر غلام نبی کے علاوہ متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ اَفسران بھی موجو دتھے۔ضلع ترقیاتی کمشنروں اور جموں سے تعلق رکھنے والے افسران نے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ میٹنگ میں شرکت کی۔دوران میٹنگ پرنسپل سیکرٹری نے متعلقہ حکام اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے سکل ڈیولپمنٹ پلان کی عمل آوری کیلئے کئے گئے اِقدمات کے بارے میں تفصیل طلب کی۔پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ حکومت نے نوجوانوں تک پہنچ کر انہیں ان کی دہلیز پر ہی ہنر سیکھنے کے مواقع فراہم کرنے اور ادارہ جاتی قیادت میں تربیت دینے کیلئے نئے طریقہ کارتلاش کئے ہیںجس کیلئے ماہرین تعلیم ، صنعتی ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔اِس موقعہ پر ڈاکٹر سامون نے سکل ڈیولپمنٹ محکمہ کی جانب سے شائع کیا گیا ایک کتابچہ بھی جاری کیا۔بعد میں ڈاکٹر سامون نے ویب نار کے ذریعے ایک میٹنگ کا انعقاد کر کے جموں وکشمیر یوٹی سکل ٹریننگ سربراہوں کے سا تھ تبادلہ خیال کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ مرکزی وزارتِ داخلہ اور وزارتِ صحت و خاندانی بہبود حکومت ہند نے ان مراکز کو 21؍ستمبر 2020ء سے دوبارہ کھولنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ان مراکز سے متعلق تفصیلات طلب کرتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری نے مراکز کے سربراہوںکو جموںوکشمیر میں سکل ٹریننگ سینٹروں کو دوبارہ بروقت کھولنے کو یقینی بنانے کیلئے کہا ۔اِس موقعہ پر ایم ڈی جے کے ایس ڈی ایم ، ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ بھی موجود تھے، جنہوں نے سکل ڈیولپمنٹ سینٹر وں کے سربراہوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔