عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کولگام ضلع سے تعلق رکھنے والے ایک 65 سالہ سڑک فروش کی زندگی چنڈی گڑھ کے نیا گائوں علاقے میں دیوار گرنے کے بعد ایک المناک واقعہ میں چلی گئی، جس سے اس کا کنبہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار اور گہرے غم میں ڈوب گیا۔متوفی کی شناخت65سالہ گلزار احمد ملک ولد ولی محمد ملک کے طور پر کی گئی ہے، جو ضلع کولگام کے گاؤں بگام کا رہائشی ہے۔
مبینہ طور پر وہ خشک میوہ جات فروخت کر رہا تھا جب حادثہ پیش آیا۔واقعے کے بعد، ساتھیوں، خیر خواہوں اور مقامی برادری نے دکھ کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندان کے ساتھ گہرے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ اہل خانہ نے جموں و کشمیر انتظامیہ بالخصوص لیفٹیننٹ گورنر اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے اپیل کی ہے کہ وہ مداخلت کریں اور میت کی جلد از جلد اور محفوظ نقل و حمل کیلئے ضروری مدد فراہم کریں تاکہ کولگام میں ان کے آبائی مقام تک پہنچ سکیں۔ادھرشمالی قصبہ پٹن کے حیدر بیگ علاقے میں سڑک کے ایک دلدوز حادثے میں ایک شخص کی موت واقع ہوئی جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ یہ دلخراش حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک ٹرک اور ایکو گاڑی زیر نمبر JK04H-7988کے درمیان شدید ٹکر ہوئی۔جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت رئیس احمد نجار ولد غلام نبی نجار ساکن ہیگام کے طور پر کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق حادثے میں وہ شدید زخمی ہو گئے تھے اور انہیں فوری طور پر ٹراما ہسپتال پٹن منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔حادثے میں ایک اور شخص جاوید احمد نجار، جو متوفی کا بھائی ہے، بھی زخمی ہوا ہے۔ اسے علاج کے لیے ٹراما ہسپتال پٹن منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔