سپیکر نے قانون ساز اسمبلی لائبریری کمپلیکس کا معائنہ کیا

  جموں//قانون ساز اسمبلی کے سپیکر ڈاکٹر نرمل سنگھ نے ریاستی قانون ساز اسمبلی کے لائبریری بلاک کا دورہ کر کے وہاں ڈیجیٹائزیشن منصوبے کی عمل آوری کا جائیزہ لیا۔سیکرٹری قانون اچل سیٹھی اُن کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے سپیکر موصوف کو اس عمل اور لائبریری بلاک کے توسیعی پلان کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔اس موقعہ پر سپیکر نے لائبریری بلاک کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے افسروں پر زور دیا کہ وہ اشاعتوں اور مخطوطات کی ڈیجیٹائزیشن میں جدید طرز عمل اپنائیں۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹائزیشن کا کام ڈیپارٹمنٹ آف لائیرریز اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے پیشہ وروں کے مشورے سے عملایا جارہا ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ کتابوں اور دیگر ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کے لئے الگ الگ پورٹل تیار کرنے ہوں گے۔ڈاکٹر نرمل سنگھ نے اشاعتوں کو مناسب تحفظ فراہم کرنے پر زوردیا۔ انہوں نے کہا کہ طالب علموں اور سکالروں کی لائبریری تک رسائی آسان بنائی جانی چاہئے۔ انہوں نے لائبریری بلاک میں ریڈنگ روم قائم کرنے کے احکامات بھی دیئے۔سپیکر کو بتایا گیا کہ انگریزی اور اُردو کتابوں کو الگ الگ کرنے کا کام پہلے ہی مکمل کیا گیا ہے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے افسروں نے جانکاری دی کہ15693 انگریزی کتابوں اور5424 اُردو کتابوں کا کیٹالاگ تیاسر کیا جاچکاہے جو اسمبلی کی آفیشل ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔دورے کے دوران ڈاکٹر نرمل سنگھ نے یہاں کام کر رہے عملے کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے لائبریری کو مزید فعال بنانے کے لئے مناسب اقدامات کرنے پر زور دیا۔اس موقعہ پر ایڈیشنل سیکرٹری اسمبلی منظور احمد بابا، ڈپٹی ڈائریکٹر لائبرریز شاہین خان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔