سوپور میں پٹواری رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار

سوپور//انسدادرشوت ستانی بیورو نے ڈوروسوپور میں ایک پٹواری کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ ایک بیان میں انسدادرشوت ستانی بیورو نے کہا کہ انہیں اے سی بی ہیلپ لائن پر شکایت موصول ہوئی جس میں کہا گیا کہ ڈوروحلقہ کاپٹواری وراثتی اراضی کے انتقال کے دستاویزات جاری کرنے کیلئے رشوت کاتقاضاکررہا ہے۔شکایت کنندہ نے الزام لگایا کہ پتواری غلام مصطفی لون سے شکایت کنندہ  اور اس کے بہن بھائیوں نے متعدد باررابطہ کیاتاکہ ان کے وراثتی دستاویزات کوحاصل کیاجائے لیکن مذکورہ پٹواری 15ہزارروپے ان دستاویزات کو فراہم کرنے کے عوض طلب کررہاتھا۔باہمی گفت وشنید کے بعد پٹواری نے5ہزارروپے کے عوض یہ کام کرنے کی حامی بھرلی۔شکایت موصول ہوتے ہی کیس زیرایف آئی آرنمبر102021درج کیا گیا اورتحقیقات شروع کی گئی۔دوران تحقیقات ایک ٹیم تشکیل دی گئی جس نے جال بچھایااورغلام مصطفی کورنگے ہاتھوں رشوت لیتے ہوئے دھر لیا۔اُسے حراست میں لیکراینٹی کورپشن بیورو نے تحویل میں لیا۔