سوپور//شمالی قصبہ سوپور میں انتظامیہ، پولیس اور ویلکن انسٹی ٹیوٹ کے اشتراک سے پیر کو ٹریفک سے متعلق ایک جانکاری پروگرام کاانعقاد ہوا۔ایس ڈی پی او سوپور راجہ ماجد اورایس ایچ او عازم اقبال کی نگرانی میں ایک ریلی بھی منعقد ہوئی جس میں سوپور کے رضا کار نوجوانوں، ویلکن اسکول کے طالب علموں نے شرکت کی۔ریلی میں شامل طالب علموں نے ہاتھوں میں پوسٹر اٹھارکھے تھے جن میں روڈ سیفٹی کے بارے میں اہم پیغامات جیسے’’ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کا ستعمال اورڈرائیونگ کرتے وقت فون کالوں سے اجتناب ‘‘ شامل تھے۔ ریلی قصبہ کے مختلف علاقوں سے گزرکر اختتام پذیر ہوئی۔ اس بارے میں ایس ڈی پی او سوپور راجہ ماجد نے بتایا کہ ٹریفک قوانین میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے پولیس اس طرح کے پروگراموں کی ہمیشہ حمایت کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ ’ہم ان تمام نوجوانوں اور طلبہ کاشکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے رضاکارانہ طور اس آگاہی مہم میں حصہ لیا‘۔ انہوں نے کہا کہ تیز رفتاری ،ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ نہ پہننا، ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کا استعمال حادثات کی کچھ اہم وجوہات ہیں۔اس پروگرام میں اے ڈی سی سوپور پرویز سجاد، اے آر ٹی او بارہمولہ اور سوپور کی سماجی تنظیموں بشمول صدر ٹریڈرس فیڈریشن اور ممبران سول سوسائٹی اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ مہم کے آخر پر ویلکن پبلک اسکول میں انعامات تقسیم کئے گئے۔