ٹی ای این
سرینگر// بین الاقوامی سطح پر جاری جغرافیائی و سیاسی غیر یقینی صورتحال کے باعث جمعہ کے روز سونے کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ماہرین کے مطابق امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی سے متعلق پیش رفت پر سرمایہ کاروں کی گہری نظر ہے، جس کے اثرات عالمی بلین مارکیٹ اور سونے کی قیمتوں پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔بھارت میں معروف جیولری برانڈز اور انڈین بلین اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن نے 24 قیراط، 22 قیراط اور 18 قیراط سونے کے تازہ نرخ جاری کئے ہیں۔ خریداروں اور سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد روزانہ کی بنیاد پر ان نرخوں کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ خریداری اور سرمایہ کاری کے فیصلے بہتر انداز میں کیے جا سکیں۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق گزشتہ چند دنوں کے دوران سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا ہے۔ بعض دنوں میں قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ آج معمولی بہتری ریکارڈ کی گئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سیاسی حالات، ڈالر کی قدر اور بین الاقوامی طلب و رسد سونے کی قیمتوں پر براہ راست اثر انداز ہو رہے ہیں۔ معروف جیولری برانڈز نے بھی اپنے تازہ ریٹ اپ ڈیٹ کیے ہیں، جن میں مختلف شہروں کے حساب سے معمولی فرق پایا جا سکتا ہے۔ماہرین کا مشورہ ہے کہ سونا خریدتے وقت صرف قیمت ہی نہیں بلکہ بی آئی ایس (BIS) ہال مارکنگ، میکنگ چارجز اور جی ایس ٹی کو بھی مدنظر رکھا جائے۔ 22 قیراط سونا زیورات کیلئے زیادہ موزوں سمجھا جاتا ہے جبکہ 24 قیراط سونا خالصتاً سرمایہ کاری اور سونے کے سکوں یا بارز کے لیے ترجیح دی جاتی ہے۔ اقتصادی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر عالمی سطح پر کشیدگی برقرار رہی تو آنے والے دنوں میں سونے کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ دیکھنے کو مل سکتا ہے، اس لیے سرمایہ کاروں کو مارکیٹ کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔