وزیر اعلیٰ کا دیہی سڑک منصوبوں کی بروقت تکمیل پر زور
سرینگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کل جموں و کشمیر میں پردھان منتری گرام سڑک یوجنا (پی ایم جی ایس وائی) کی عمل آوری اور پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں جاری کاموں میں تیزی لانے ، دیہی رابطوکو کو بہتر بنانے اور منصوبوں کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔وزیر اعلیٰ نے پی ایم جی ایس وائی کے مختلف مراحل کے تحت جاری کاموں کی صورتحال کا جائزہ لیا اور جموں و کشمیر میں دیہی علاقوں کو ہمہ موسمی سڑک رابطہ فراہم کرنے میں حاصل ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔انہیں جاری منصوبوں، نئے منظور شدہ کاموں اور زیر اِلتوأ سڑکوں اور پلوں کے منصوبوں کی تکمیل کے روڈ میپ کے بارے میں جانکاری دی گئی۔
وزیر اعلیٰ نے منصوبوں کی عمل آوری میں حائل مسائل کو حل کرنے کے لئے بین محکمہ جاتی تال میل بالخصوص قانونی منظوریوں اور دیگر ضابطہ جاتی تقاضوں سے متعلق معاملات کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے ٹائم لائنز کی پابندی کو یقینی بنانے اور غیر ضروری تاخیر سے بچنے کے لئے ہر سطح پر کام کی باقاعدہ نگرانی پر زور دیا۔اُنہوںنے پی ایم جی ایس وائی۔IV کے نفاذی منصوبے کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ تیاری کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ منظور شدہ کام مقررہ مدت میں شروع کئے جا سکیں۔اُنہوں نے بالخصوص دور دراز اور سرحدی علاقوں میں واقع اہل دیہی بستیوں تک قابل اعتماد سڑک رابطہ پہنچانے کی اہمیت پر زور دیا۔ اَفسران نے پی ایم جی ایس وائی کے مختلف مراحل کے تحت حاصل کی گئی پیش رفت کا خاکہ پیش کیا اور باقی ماندہ کاموں کی تکمیل کے لئے ایک ایکشن پلان پیش کیا۔میٹنگ میں نائب وزیر اعلیٰ سریندرکمار چودھری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری مائننگ اشونی کمار، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ تعمیراتِ عامہ (آر اینڈ بی) انیل کمار سنگھ، کمشنر سیکرٹری جنگلات و ماحولیات شیتل نندا کے علاوہ محکمہ تعمیراتِ عامہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر اَفسران نے شرکت کی۔