عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//پی ڈی پی نے منگل کو عمر عبداللہ حکومت کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا اور الزام لگایا کہ یہ حکومت سرکاری ملازمتوں کو بیرونی ایجنسیوں کے سپرد کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے ذریعے ‘بدعنوانی کی ایک نئی شکل’ چلا رہی ہے۔پارٹی کے سینئر رہنماوں کی قیادت میں جمع ہوئے مظاہرین نے حکومت پر قائم کردہ بھرتی کے نظام کو نظر انداز کرنے اور عوامی تقرریوں میں بدعنوانی کو فروغ دینے کا الزام لگایا۔پارٹی لیڈر خورشید عالم نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ملازمتوں کی ‘آوٹ سورسنگ’ بدعنوانی کا ایک ذریعہ بن چکی ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ اخبارات اور دیگر عوامی پلیٹ فارمز پر اشتہارات جاری کر کے بھرتیاں کیوں نہیں کی جا رہی ہیں؟۔ عالم نے کہا کہ جموں و کشمیر میں پہلے سے ہی سروس سلیکشن بورڈ اور دیگر محکموں جیسے بھرتی کے ادارے موجود ہیں۔ پھر بھی بے روزگار نوجوانوں کی نظروں سے چھپا کر اس خفیہ عمل کے ذریعے ملازمتیں کیوں پْر کی جا رہی ہیں؟ انہوں نے الزام لگایا کہ اہل امیدواروں کو ان کے مواقع سے محروم کیا جا رہا ہے۔ جب تک اس روایت کو بند نہیں کیا جاتا پی ڈی پی اپنا احتجاجی مظاہرہ جاری رکھے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پیسے لے کر ملازمتیں تقسیم کی جا رہی ہیں۔ یہ سب صرف پیسے کا کھیل ہے۔ پی ڈی پی رہنما محمد اقبال ٹرمبو نے الزام لگایا کہ بغیر کسی شفاف معیار کے ’آوٹ سورسنگ‘ کے ذریعے تقریباً 25,000 ملازمتیں پْر کی گئی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان بھرتیوں میں بدعنوانی، جانبداری اور اقربا پروری حاوی ہے۔ انہوں نے حکومت سے ایک وائٹ پیپر جاری کرنے کا مطالبہ کیا، جس میں یہ واضح کیا جائے کہ یہ تقرریاں کس بنیاد پر کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہل نوجوانوں کو ان کے حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے، جبکہ بدعنوانی کو فروغ مل رہا ہے۔