عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر // جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نلین پربھات نے پیر کو پولیس کنٹرول روم کشمیر میں ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں امرناتھ یاترا 2026 اور وادی میں منعقد ہونے والے دیگر مذہبی پروگراموں کے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں فوج، مرکزی مسلح پولیس فورسز (سی اے پی ایف)، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور جموں و کشمیر پولیس کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ کشمیر اور جموں ڈویژن کے سینئرسیکورٹی حکام بھی اجلاس میں موجود تھے۔افسران نے ڈی جی پی کو یاترا کے پرامن اور محفوظ انعقاد کے لیے کیے گئے سیکورٹی اور انتظامی اقدامات سے آگاہ کیا۔ ڈی جی پی نے یاتریوں کی سہولت، تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے کیے جا رہے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔نلین پربھات نے حساس مقامات، یاترا کے دونوں راستوں، قومی شاہراہ اور ریلوے تنصیبات پر سیکورٹی مزید مضبوط بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے تمام اہلکاروں کو روزانہ بریفنگ دینے اور معیاری عملی طریقہ کار (ایس او پیز) پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ڈی جی پی نے یاترا کیمپوں میں بیداری مہم چلانے، بینرز اور پوسٹروں کے ذریعے یاتریوں کو حفاظتی ہدایات سے آگاہ کرنے کی بھی ہدایت دی۔انہوں نے تمام سیکورٹی اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے درمیان بہتر تال میل اور حقیقی وقت میں معلومات کے تبادلے پر زور دیتے ہوئے دہشت گردوں اور ان کے معاونین کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت دی۔
ڈی جی پی نے یاترا راستوں، قومی شاہراہ، ریلوے اسٹیشنوں اور دیگر حساس مقامات کے اطراف تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں میں بھی اضافہ کرنے کو کہا۔سوشل میڈیا پر نظر رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے افواہیں پھیلانے، جھوٹی معلومات اور گمراہ کن پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیا۔اجلاس میں محرم الحرام کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈی جی پی نے شعیہ تنظیموں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھتے ہوئے جلوسوں اور مذہبی اجتماعات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔اجلاس کے اختتام پر تمام سیکورٹی ایجنسیوں نے امرناتھ یاترا اور دیگر اہم مذہبی تقریبات کے محفوظ اور پُرامن انعقاد کے عزم کا اعادہ کیا۔اس سے قبل پولیس سربراہ نے پہلگام میں ننون بیس کیمپ کا دورہ کیا تاکہ آنے والی امرناتھ یاترا سے قبل سیکورٹی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لیا جا سکے۔دورے کے دوران ڈی جی پی کے ساتھ خصوصی ڈائریکٹر جنرل کوآرڈینیشن اور انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر زون بھی تھے۔ سینئرپولیس اور سیکورٹی عہدیداروں نے دورہ کرنے والے افسران کو سالانہ یاترا کے محفوظ اور ہموار انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے بنائے گئے کثیر سطحی سیکورٹی فریم ورک کے بارے میں بریفنگ دی۔دورے کے دوران، ڈی جی پی کو جنوبی کشمیر رینج کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی)اور پولیس کے سینئر سپرنٹنڈنٹ اننت ناگ کی طرف سے مجموعی سیکورٹی گرڈ، تعیناتی کی حکمت عملی، نگرانی کے اقدامات، رسائی کنٹرول میکانزم، ہنگامی ردعمل کے منصوبوں اور مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان تال میل کے بارے میں ایک جامع پریزنٹیشن دی گئی۔افسران نے ڈی جی پی کو بیس کیمپ اور یاترا کے راستے پر کیے گئے انتظامات کے بارے میں بتایا، جس میں چوبیس گھنٹے نگرانی، علاقے پر تسلط کی مشقیں، تخریب کاری کے خلاف چیکنگ اور کسی بھی سیکورٹی چیلنج سے نمٹنے کے لیے چوکسی کو بڑھانا شامل ہے۔تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے، ڈی جی پی نلین پربھات نے یاتریوں کے لیے ایک محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کے لیے تمام سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان اعلی سطح کی چوکسی اور ہموار تال میل برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے افسران کو چوکس رہنے اور تمام حفاظتی پروٹوکول پر موثر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔یہ دورہ جموں و کشمیر پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے سالانہ یاترا سے قبل سیکورٹی انتظامات کو مضبوط بنانے کے لیے جاری کوششوں کا حصہ ہے، جو اگلے ماہ شروع ہونے والی ہے۔