سوشل میڈیا صحافی کیخلاف مقدمہ درج کرنے پر میڈیا برادی کااحتجاج

عاصف بٹ

کشتواڑ//کشتواڑ ضلع سے تعلق رکھنے والے صحافیوں نے اپنے ساتھی صحافی پر مقدمہ درج کرنے کے خلاف پولیس سٹیشن کے باہر احتجاج کیا۔صحافیوں نے بتایا کہ چند روز قبل ہمارے ساتھی توصیف ،جو سوشل میڈیا پورٹل کشتواڑ کرائون سے وابستہ ہے، نے ایڈمنسٹریٹر وقف بورڈ کو لیکر عدالت کی جانب سے جاری حکمنامے پر خبر چلائی جسکے بعد اس پر وقف بورڈ کی جانب سے مقدمہ پولیس میں درج کیا گیا جبکہ اسکا کوئی جوازہی نہیں بنتاہے۔صحافیوںکے بقول ایف آئی آر میں اس پر سازش کرنیکا الزام لگایا گیاہے اور یہ سب کچھ انتظامیہ کے اشاروں پر کیا جارہا ہے جو ناقابل برداشت ہے ۔انہوںنے کہا کہ اگر انتظامیہ کا یہی رویہ رہا تو مکمل بائیکاٹ کیا جائیگا۔انہوں نے انتظامیہ و پولیس سے فوری طور مقدمہ واپس لینے کا مطالبہ کیا جبکہ لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ پولیس کی یقین دہانی کے بعد صحافیوں نے احتجاج ختم کیا۔