مزمل حق
سوشل میڈیا پلیٹ فارم حقیقت میں ایک نہایت وسیع تر دسترخوان ہے، جس میں شب و روز انواع و اقسام کے کھانے ، قسم قسم کے پھل فروٹس، مختلف النوع ذائقہ دار مشروبات و دیگر متعلقہ لوازمات پروسے جاتے ہیں، اس میں صاحب خانہ یا میزبان حضرات کے لیے دیکھنے والی بات یہ ہے کہ وہ کس طرح کی اشیائے خورد و نوش اپنے وسیع دسترخوان پر سجا رہے ہیں یعنی ان کی نوعیت کیا ہے اور کیسی ہے، آیا وہ نہایت شاندار ، اعلیٰ اقسام و انواع کی ہیں ، ان کی خصوصیت اور کوالٹی اعلی درجے کی ہے یا بالکل سڑی اور گلی ہوئی، بدبودار، فاسد یعنی کہ وہ تھرڈ کلاس کی اشیاء ہیں اور ان کی کوالٹی بالکل خراب اور ناگفتہ بہ ہے ، ایسی کہ لوگ ان کی طرف دیکھنا بھی گوارہ نہ کریں اور آپ کے دسترخوان سے بھاگنے میں ہی اپنی عافیت سمجھیں۔
بالکل یہی حال سوشل میڈیا کا ہے، ہم جو بھی عبارت یا پیراگراف اس پر رقم کریں، جس مواد اور پیغام کو شیئر کریں، جس آڈیو یا ویڈیو کو دوسروں تک پہنچائیں، جس بات یا پیغام کو کسی گروپ میں ارسال کریں تو اس کی کیفیت اور کوالٹی چیک کرلیں، ذہن نشیں رہے کہ آپ کی بات نہایت اعلیٰ درجے کی ہو، عبارت مختصر ہو، ٹھوس ہو، زبان سلیس اور شستہ ہو، فصاحت و بلاغت کا شاہکار ہو، الفاظ و کلمات کی بناوٹ اور جملوں کی بندش ممکنہ طور پر قواعد اردو کا مرقع ہو، تذکیر و تانیث اور واحد و جمع اور املا کی معرفت صاف نظر آتی ہو نیز’’خیر الکلام ماقل ودل‘‘ کا پرتو ہو ۔ بہت سے احباب لکھنے میں اس طرح کی فاش غلطیاں کرتے ہیں کہ پڑھ کر سر میں درد ہوجائے اور نازک طبیعت پر بار گزرے ، غرضیکہ اردو زبان کا گلا گھونٹ دیا جاتا ہے، لہذا آپ جو بھی لکھ رہے ہیں اس کو ایک مرتبہ تصحیح کی نظر سے ضرور دیکھ لیں اور خامیوں کو دور کرنے کے بعد ہی کہیں ارسال کریں۔
دوسری بات یہ کہ جو بات بھی آپ نقل کر رہے ہیں اس کے تعلق سے آپ کی تحقیق یقینی ہو، ایسا نہ ہو کہ آپ کے پاس کہیں سے کوئی ویڈیو یا پیغام آیا کہ آج رات کے بارہ بجے چاند ٹوٹ کر ہمالہ میں گر جائے گا اور آپ دھڑلے سے اس پیغام کو اپنے سبھی گروپوں میں شیئر کردیں، اس سے آپ کی تضحیک تو ہوگی ہی ، ساتھ ہی آپ کے علمی معیار پر بھی حرف آئے گا۔
ہمارے بہت سے علم دوست حضرات فی الاصل سوشل میڈیا پر مذکورہ بالا باتوں کا خیال نہیں کرتے اور اپنے دسترخوان پر ایسی چیزیں پروستے ہیں جن سے مذکورہ بالا منفی پہلو نظر
کے سامنے گردش کرنے لگتا ہے۔
وما ارید الاالاصلاح، وماتوفیقی الاباللہ
[email protected]>