یواین آئی
احمد آباد/کپتان سوریہ کمار یادو نے جنوبی افریقہ کے خلاف شکست کے باوجود اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ٹیم انڈیا واپسی کرے گی اور آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہے گی۔جنوبی افریقہ سے 76 رنز کی بڑی شکست نے ہندوستان کی ٹورنامنٹ میں مسلسل 12 فتوحات کے سلسلے کو توڑ دیا ہے ، جس کے بعد دفاعی چیمپئن کے لیے سیمی فائنل کی راہ کٹھن ہو گئی ہے ۔ اب ہندوستان کو اگلے مرحلے میں رسائی کے لیے زمبابوے اور ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے بقیہ سپر ایٹ میچز جیتنا ہوں گے ۔ ہندوستان کا اگلا مقابلہ جمعرات کو چنئی میں زمبابوے سے ہوگا۔ کپتان سوریہ کمار یادو کا کہنا ہے کہ ٹیم اپنی بنیادی طاقت پر توجہ مرکوز رکھے گی۔ آئی سی سی کے مطابق انہوں نے کہا”ہماری کوشش ہوگی کہ اچھی بیٹنگ، با لنگ اور فیلڈنگ کریں۔ ہم چیزوں کو سادہ رکھیں گے اور اسی جارحانہ انداز میں کرکٹ کھیلیں گے جس کے لیے ہم جانے جاتے ہیں۔
مجھے یقین ہے کہ ہم مضبوط واپسی کریں گے ۔”188 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہندوستانی بیٹنگ لائن بری طرح لڑکھڑا گئی تھی۔ ابھیشیک شرما سمیت تین اہم وکٹیں پاور پلے کے دوران ہی گر گئی تھیں۔ اس پر تبصرہ کرتے ہوئے سوریہ کمار نے کہا”کبھی کبھی آپ کو یہ سوچنا پڑتا ہے کہ 180-185 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے آپ پاور پلے میں میچ جیت تو نہیں سکتے ، لیکن ہار ضرور سکتے ہیں۔ ہم نے شروع میں ہی بہت زیادہ وکٹیں گنوا دیں اور وہ چھوٹی چھوٹی شراکت داریاں قائم نہ کر سکے جو اس بڑے ہدف کے لیے ضروری تھیں۔”جنوبی افریقہ کی اس جیت کے ہیرو ڈیوڈ ملر رہے ، جنہوں نے 35 گیندوں پر 63 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ‘پلیئر آف دی میچ’ قرار پانے والے ملر کا کہنا تھا کہ اس نتیجے نے ثابت کر دیا ہے کہ ہندوستانی ٹیم ناقابلِ شکست نہیں ہے۔ملر کے مطابق “آج کی جیت نے ثابت کیا کہ ہندوستان کو ہرایا جا سکتا ہے ۔ وہ ایک بہترین ٹیم ہیں، لیکن ایک بڑے ٹورنامنٹ میں اہم یہ ہے کہ آپ اپنی حدود میں رہتے ہوئے اپنی ذمہ داری پوری کریں اور دباؤ کے لمحات میں پختگی کا مظاہرہ کریں۔