گول// کئی ہفتوں سے سنگلدان کا ہاٹ مکسنگ پلانٹ جس کو بند کرنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں ، باوجود بھی تک مکسنگ پلانٹ کو بند کرنے کے لئے کسی کو ٹس سے مس نہیں ہو رہا ہے ۔ مقامی دکانداروں اور سکولی بچوں نے آج سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا۔انہوںنے تاخیر کو انتظامیہ اور پولیس کی ملی بھگت کا شاخسانہ قرار دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہاٹ مکسنگ پلانٹ جو آبادی سے کئی کلو میٹر دور ہونا چاہئے تھا لیکن یہاں پر آبادی کے بیچ اور سکولوں اور دوسرے اداروں کے بیچ میں اسے چلایا جا رہا ہے ۔ اس غیرقانونی طور پر نصب کئے گئے پلانٹ کو پولیس آرام سے تماشہ دیکھ رہی ہے اور لوگوں کا الزام ہے کہ پولیس اس غیر قانونی دھندے کو بند کیوں نہیں کرواتی ہے ۔لوگوں نے عدالت کے فیصلے پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایک قانون میں ایسا بتایا جا رہا ہے کہ اس طرح کے پلانٹ جن سے زہریلی گیس نکلتی ہے بستی اور تعلیمی اداروں و دوسرے اداروں سے کئی کلو میٹر دور ہونا چاہئے اور اس کے لئے محکمہ مال، جنگلات ،حیوانات ، ایگریکلچر ، ہارٹیکلچر ، صحت عامہ ، صحت ، محکمہ تعلیم و دوسرے کئی محکموں کی جانب سے این او سی اعتراضی نہ ہونے کی سند ہونی چاہئے لیکن یہاں پر صرف محکمہ تعلیم اور محکمہ صحت نے کس بناء پر این او سی دی ہے؟، کیا انہوں نے زمینی صورتحال کو دیکھ کر دی ہے یا جیب کی صورتحال کو دیکھ کر سند دی ہے جو نہایت ہی افسوس ناک ہے ۔اس پلانٹ کی وجہ سے نہ صرف انسانوں کو بلکہ یہاں پر زراعت ، پھل اور جانوروں کو بھی خطرہ لا حق ہو گیا ہے ۔اگر چہ اس پلانٹ کو ایک ہفتہ قبل تحصیلدار گول نے مقفل تو کیا تھا لیکن اسے پولیس نے کیونکر کھولا ہے اور اس بارے میں تحصیلدار نے اپنی لا علمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس کی جانچ کروائیں گے ۔ مقامی لوگوں نے سکولی بچوں و دکانداروں نے سنگلدان بازار میں آکر احتجاج کرتے ہوئے ہوئے کہا کہ پلانٹ کو جلد از جلد بند کیا جائے ۔ مقامی لوگوں نے کہا کہ یہ پلانٹ پہلے بند کر دیا تھا لیکن ایک دو د ن قبل اسے نا معلوم وجوہات کی بناء پر پھروسے کھولا گیا ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ صبح چار بچے سے شام آٹھ بجے تک یہ پلانٹ چالو رہتا ہے اور تمام جو اس سے زہریلی دھواں نکلتا ہے وہ بستیوں ، بازار وں میں جاتا ہے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں کو بھی اس وجہ سے کافی پریشانیوں کا سامنا ہے ۔تحصیلدا ر گول نے بتایا کہ وہ میرے حکمنامے کے بغیر کھل نہیں سکتا ہے اور جب تک نہ کوئی اعلیٰ حکام اس کو کھولنے کے احکامات جاری کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ جس کسی نے بھی اس کو کھولا ہو گا اس کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔تحصیلدا ر گول کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں M/S MBR Associatesکو پہلے ہی ایک لیٹر دیا گیا تھا کہ وہ یہاں پر نصب کئے گئے مکسنگ پلانٹ کے لوازمات پورے کرے لیکن وہ اس میں ناکام ہوا۔ اس سلسلے میں اس فرم کے خلاف نائب تحصیلدار سنگلدان نے ایک ایف آئی آر نمبر74/NTSبتاریخ31مئی 2018کو درج کر اکے اس بارے میں مزید تحقیقات شروع کر دی ۔ عوامی سطح پر اس طرح کے اس غیر قانونی دھندے کے خلاف غم و غصہ بڑھتے ہی جا رہا ہے اور لوگوں نے کہا کہ اس کو کسی بھی صورت میں بستی کے نزدیک نصب کرنے نہیں دیا جائے گا وہیں۔ یہ پلانٹ ریلوے کی جانب سے ایکویر کی گئی اراضی پر زبردستی سے نصب کیاگیا تھا اور ناردرن ریلوے کے ایک آفیسر نے پہلے ہی اس بارے میں بتایا تھا کہ یہ زبردستی سے اس اراضی پر جو انہوں نے ڈیپنگ کے لئے لی تھی نصب کیا گیا ہے اور پولیس کو اس بارے میں اطلاع بھی دی تھی لیکن نا معلوم وجوہات کی بناء پر پولیس چپ کر کے بیٹھی ہوئی ہے ۔ضرورت اس بات کی ہے کہ اس غیر قانونی طور نصب کئے گئے ہاٹ مکسنگ پلانٹ کو جلد از جلد بند کیا جائے اور لوگوں کو اس زہریلے کنوے سے نجات دیں ۔