زاہد بشیر
گول؍؍یہاں سنگلدان ریلوے اسٹیشن سے بارہمولہ کی جانب جانے والی ٹرین کا سفر کرنے پر صبح صبح لوگوں کی بھیڑ اُمڈ پڑتی ہے یہاں پر موجود صرف ایک ٹکٹ کونٹر ہونے کی وجہ سے جو مسافر وادی کشمیر کی جانب سفر کرنا چاہتے ہیں کئی لوگ بناء ٹکٹ کے سفر کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں تو کئی لوگ سفر ہی نہیں کر پاتے ہیں ۔ ٹرین نکلنے تک لوگ قطارمیں کھڑا رہتے ہیں ۔ یہ جو زیر نظر تصویر میں قطار میں لوگ کھڑے دکھ رہے ہیں صرف دس منٹ قبل ٹرین نکلنے سے یہ تصویر لی گئی ہے اور اس وقت بھی لوگ قطارمیں جمع ہو رہے ہیں اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ دس منٹ میں کتنے لوگوں نے ٹکٹ لی ہو گی ۔ اس موقعہ پر کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بہت سارے مسافروں نے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہاں پر کم سے کم دو ٹکٹ کونٹر ہونا چاہئے اور ریلوے حکام کو چاہئے کہ وہ آن لائن ٹکٹ کا بندو بست بھی کریں تا کہ لوگ قطاروں میں کھڑا ہونے سے بچ سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر لوگ بیمار وں کو لے کر وادی کشمیر کے ہسپتالوں کا رُخ کرتے ہیں اور بیمار لوگ بھی یہاں کھڑا نہیں رہ پاتے ہیں ۔ مسافروں نے انتظامیہ اور ریلوے حکام سے مطالبہ کیا کہ یہاں پر مزید کونٹر کھولے جائیں اور آنے والے وقت میں جب جموں کی طرف بھی ریل جائے گی تو مزید رش پڑے گا اس وقت لوگوں کو مزید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑے گا ۔