گاندربل// شادی پورہ سمبل میں اتوار کوسندھو پوشکر ندی میںہندو عقیدتمندوں نے پوجا کی۔شادی پورہ میں جہلم اور سندھ دریا جہاں ملتے ہیں وہاں ہندو عقیدمند اپنے متوفین کی روحوں کے سکون کیلئے پوجا کرتے ہیں۔ کئی شردھالوئوں نے بتایا کہ 12سال میں وہ ایک بار سندھو پوشکر ندی میں نہاتے ہوئے اپنے بزرگوں کے نام پر پوجا پاٹ کرتے ہیں اوران کے گناہوں کو معاف کراتے ہیں۔سندھو پوشکر ندی میں ہندو مذہب کے ماننے والے اس دن اس جگہ نہاتے ہیں جہاں دو دریائوں کے پانیوں کا سنگم ہوتا ہے ۔سندھو پوشکر ندی میلہ 12سال میں ایک مرتبہ آتا ہے اس سے پہلے یہ سال 2008میں آیا تھا جس کے بعد آج بارہ سال بعد پھر آیا اور ہندو مذہب سے تعلق رکھنے والے ہزاروں شردھالوئوں میں بیشتر کی تعداد آندھراپردیش، تلنگانہ، کرناٹک، کیرلہ اور تامل ناڈو سے تھی۔رام بابو ساکن کرشنا وتی آندھراپردیش نامی شردھالونے بتایا کہ سندھو پوشکر ندی میلہ 12 سالوں میں ایک مرتبہ آتا ہے جس کے دوران ہندو مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد دو دریائوں کے سنگم کی جگہ اپنے خاندان میں فوت ہوئے بزرگوں کے نام پر نہاکر پوجا پاٹ کرتے ہیں اور ان کے گناہوں کی بخشش کراتے ہیں۔ضلع انتظامیہ گاندربل کی جانب سے اس موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے جبکہ شردھالوئوں کے لئے قیام وطعام کا انتظام تولہ مولہ میں واقع کھیر بوانی مندر میں کیا گیا تھا ۔