عاصف بٹ
کشتواڑ //ضلع کشتواڑ کے مشہور سیاحتی مقام سنتھن ٹاپ پرسیاحوں کا سیلاب امڈآیا ہے لیکن سیاح یہاں بنیادی سہولیات نہ ہونے کے سبب سخت پریشان ہیں۔ سیاحوں نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ خطہ میں قدرتی خوبصورتی سے مالا مال سیاحتی مقام پر لگ بھگ ہر طرح کی بنیادی سہولیات دستیاب نہیں ہیں جس کی وجہ سے ان کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے ممبی سے آئے ہوئے ایک سیاح رمیش تومر نے بتایا کہ اتنی خوبصورت جگہ پورے ملک میں کہی نہیں ہے لیکن یہاں بنیادی سہولیات نہ ہونے کے سبب ان کو مشکلات آرہی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ سیاحوں کیلئے بیت الخلاء تک دستیاب نہیں ہیں جبکہ علاقوں میں نیٹ ورک سروسز بھی دستیاب نہیں کی جاسکی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اگر کسی ہنگامی صورتحال میں کسی سے رابطہ کرنا پڑے تو ایسا نہیں کیاجاسکتا کیونکہ مواصلاتی سہولیات دستیاب ہی نہیں ہیں ۔دہلی کی سمرن نے بتایاکہ سب سے ضروری موصولاتی نظام ہونا ہے تاکہ لوگ ہروقت رابطے میں رہ سکیں۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کو مذکورہ مقام پر مواصلاتی نظام کو مزید مستحکم کرنا چائیے ۔انہوں نے کہاکہ مواصلاتی نظام کو فعال کرنے کیساتھ ساتھ اس خوبصورت وادی میں ہوٹل اور گیسٹ ہائوس جیسی سہولیات دستیاب ہونی چائیے تاکہ سیاحوں کو بنیادی سہولیات دستیاب ہو سکیں ۔دوسری جانب مقامی لوگوں نے بتایا کہ گزشتہ برس حکام کی جانب سے یقینی دہانی کروائی گئی تھی تاہم ابھی تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جاسکا ہے جس کی وجہ سے سیاحوں کی پریشانیاں جوں کی توں ہی ہیں ۔