سمرولی ادھم پور میں پسیاں گرآئیں

رام بن//سرینگر جموں قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت منگل کی صبح ادھم پور ضلع میں چار لین کی تعمیراتی جگہ سمرولی پر ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے متاثر ہوئی۔ٹریفک پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ منگل کی صبح 4 بجے سمرولی میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس کی وجہ سے شاہراہ کے دونوں اطراف صبح 8 بجکر30منٹ تک گاڑیوں کی آمدورفت رکی رہی جب این ایچ اے آئی کی ٹھیکیدار کمپنی نے اپنے افراد اور مشینری کوکام پر لگاکرپسیوں کو صاف کیا۔اس دوران ہلکی موٹر گاڑیاں اور سیب سے لدے ٹرک لمبی قطاروں میں سمرولی اور چنانی کے درمیان پھنسے رہے۔ٹریفک حکام نے بتایا کہ پسی کو صاف کرنے کے بعد جموں جانے والے لوڈ کیریئرز کو ترجیحی بنیادوں پر اپنی اپنی منزلوں پر جانے کی اجازت دی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ سرینگر، ڈوڈہ،کشتواڑ، رام بن،بانہال جانے والی ہلکی و درمیانی مسافر گاڑیاں بھی جکھینی ادھم پور بائی پاس اور دھر روڈ پر رک گئیں تاکہ شاہراہ کے ادھم پور اور چنانی سیکٹر کے درمیان ٹریفک کی بھیڑ سے بچا جا سکے۔تاہم مقامی ڈرائیور اور مسافر شکایت کرتے ہیں کہ وہ منگل کی سہ پہر تک جکھینی ، ادھم پور بائی پاس اور ادھم پور اور چنانی کے درمیان مختلف جگہوں پر ٹریفک جام میں پھنسے رہے۔شام کے وقت دلواس ،پیڑا،کرول ،مہاڑ، رام بن میں بھی ٹریفک جام دیکھنے کو ملا۔آخری اطلاعات ملنے تک بھاری بھرکم  ٹریفک کشمیر کی جانب رواں دواں تھا۔