منوج سنہا کے ہاتھوں ’ محسوس ۔ سماجی تبدیلی کی کہانیاں ‘ کتاب کی رونمائی
سرینگر//لفٹینٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے کل عوام سے اپیل کی کہ وہ غور و فکر کریں اور سماجی ترقی میں حصہ ڈالیں ۔لفٹینٹ گورنر نے کہا ’’ خود سے پوچھیں ۔ میں اپنی کمیونٹی کیلئے کیا کر رہا ہوں ؟ میں لوگوں کیلئے کون سا ورثہ بنا رہا ہوں ؟ میں آنے والی نسلوں کیلئے کون سے میراث چھوڑنا چاہتا ہوں ؟ آپ کے اندر موجود جوابات ہمارے کل کو نئی شکل دیں گے ۔ ‘‘ لفٹینٹ گورنر ڈی آئی پی آر آڈیٹوریم میڈیا کمپلیکس سرینگر میں ’’ محسوس ۔ سماجی تبدیلی کی کہانیاں ‘‘ کتاب کی رونمائی کے موقع پر خطاب کر رہے تھے ۔ یہ کتاب سیوا بھارتی جموں و کشمیر اور ایکال ودیالیہ فاؤنڈیشن آف انڈیا کے رضا کاروں کی جانب سے کی گئی بے لوث خدمت اور تبدیلی اور سماجی اقدامات کی متاثر کن بنیادی سطح کی کہانیوں کو اجاگر کرتی ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ’’ یہ کتاب لوگوں کیلئے متاثر کن سوانح حیات ہے ۔ میں چاہتا ہوں کہ سیوا بھارتی کی قربانیوں ، ایکال ودیالیہ کی لگن ، رضا کاروں کی وابستگی اور ہماری کمیونٹیز میں ہونے والی تبدیلی کی یہ کہانیاں جموں و کشمیر سے آگے نکل کر پورے ہندوستان میں لاتعداد رضا کاروں کو جوش دلائیں ۔ ‘‘ لفٹینٹ گورنر نے اجاگر کیا کہ جموں و کشمیر ایک شاندار مستقبل کی تشکیل کیلئے لامحدود امکانات سے بھرا پڑا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر یو ٹی قدرتی دولت ، متحرک نوجوانوں اور خدمت کے جذبے سے چلنے والے شہریوں سے مالا مال ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ’’ عظیم مستقبل قسمت سے نہیں بنتے بلکہ عزم اور اجتماعی کوشش سے بنتے ہیں ۔ بلکہ خوشحال جموں و کشمیر صرف معاشی اشاریوں سے نہیں بلکہ ہر شہری کی پسندیدہ زندگی کے معیار سے متعین ہو گا ۔ ‘‘
لفٹینٹ گورنر نے جموں و کشمیر کو ایک مثالی اور نمایاں یونین ٹیریٹری بنانے کیلئے پانچ قرار دادوں سماجی ہم آہنگی ، خاندانی بیداری ، ماحولیاتی ذمہ داری ، شہری فرض اور خود انحصاری پر زور دیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا پہلی قرار داد سماجی ہم آہنگی ہے اور میں تمام شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ صبر اور ہمت کے ساتھ متحد ہوں ، کمیونٹیز کے درمیان باہمی احترام کو فروغ دیں تا کہ نسلوں ، ثقافتوں ، مذاہب اور خیالات کے درمیان پُل قائم ہوں ۔ دوسری قرار داد یہ ہے کہ خاندان اپنے بنیادی اقدار میں جُڑ جائیں ، بیدار اور بااختیار ہو کر اگلی نسل کی تقدیر کو سنواریں ۔ تیسری قرار داد ماحولیاتی ذمہ داری ہے ۔ جموں و کشمیر زمین پر جنت ، فطرت کا انوکھا تحفہ ہے ۔ اس کی ندیاں ، پہاڑ اور جنگل ہمیں یاد دلاتے ہیں ہم ناقابلِ تلافی ورثے کے نگہباز ہیں ۔ پائیدار ترقی ہی حقیقی دور اندیشی ہے ۔ آئیے ہم سب مل کر اس ورثے کو آنے والی نسلوں کیلئے محفوظ رکھیں ۔ چوتھی قرارداد شہری فرض ہے ۔ شہریوں کو نظام کو مشترکہ شرکت والا بنانا چاہئیے ۔ ایک مضبوط جمہوریت اسی وقت پروان چڑھتی ہے جب لوگ فعال ، باخبر اور جوابدہ ہوں۔پانچویں قرارداد خود انحصاری ہے ۔ ہمیں اپنی ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت پیدا کرنے پر توجہ دینی چاہئیے جبکہ دوسروں کو بھی بااختیار بنائیں ۔ آئیے ہم معاشی طور پر مضبوط ہوں ، وسائل کی حفاظت کرتے ہوئے پائیدار ترقی حاصل کریں ۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ یہ پانچ قرار دادیں محض خیالات نہیں بلکہ ہمارا اجتماعی مینڈیٹ ہیں تا کہ مضبوط سماجی ۔ معاشی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے ۔ اس تقریب میں صدر سیوا بھاریی جموں و کشمیر ، صدر ایکال ودیالیہ فاؤنڈیشن ، نائب صدر سیوا بھارتی جموں و کشمیر ، جنرل سیکرٹری سیوا بھارتی اور سیوا بھارتی اور ایکال ودیالیہ فاؤنڈیشن آف انڈیا کے دیگر عہدیداران اور رضا کار شریک ہوئے ۔ ڈی آئی جی سی کے آر ، ڈپٹی کمشنر سرینگر ، سینئر افسران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نمایاں شہری بھی موجود تھے ۔