سرینگر// ڈائریکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ نے بدھ کو شمالی کشمیر رینج، بارہمولہ اور جنوبی کشمیر رینج اننت ناگ کا دورہ کر کے فوج،سی آر پی ایف اور پولیس کے اعلیٰ افسران کے ساتھ الگ الگ میٹنگوں میں سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ دلبا غ سنگھ نے پہلے بارہمولہ کا دورہ کیا، جہاںانہوں نے ایک سیکورٹی اجلاس کی صدارت کی ۔بارہمولہ پہنچنے پر پولیس سر براہ نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز میں تجدید شدہ کانفرنس ہال کا بھی افتتاح بھی کیا۔بعد دوپہر پولیس سر براہ نے ضلع اننت ناگ کا دورہ کیا ۔پولیس سر براہ نے یہاں پر بھی ایک سیکورٹی اجلاس کی صدارت کی ۔ان اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے، ڈی جی پی نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ رابطوں کے خلاء کو دور کریں تاکہ تمام اضلاع میںوسیع تر حفاظتی انتظامات پر عمل درآمد ہوسکے۔گشت بڑھانے پر زور دیتے ہوئے، ڈی جی پی نے کہا کہ تمام او جی ڈبلیو ز اور ملک دشمن عناصرکی امن مخالف کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے ان پر نظر رکھی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ناکہ پوائنٹس اور پولیس گاڑیوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے تاکہ غیر قانونی عناصر پر نگرانی کو بڑھایا جا سکے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ ناکہ چیکنگ اور نائٹ ڈومینیشن گشتوں کو بھی بڑھائیں۔ ڈی جی پی نے سماج دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنے پر زور دیتے ہو ئے کہا کہ سماجی رابطوں کی سائٹوں پر ملک دشمن عناصر کا سراغ لگانے اور ان پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ ان عناصر کو اپنے عزائم میں کسی صورت کامیاب نہیں ہو نے دیا جائے۔ڈی جی پی نے کہا کہنا تھا کہ سرحد پار اور اندر سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے نوجوانوں کو اکسانے اور یہاںپر امن ما حول کو خراب کر نے کے لئے غلط معلومات پھیلائی جارہی ہیں ۔