نئی دہلی //اتر پردیش کی یوگی حکومت میں شہروں کا نام بدلنے کا سلسلہ مزید تیز ہوتا نظر آ رہا ہے۔ ابھی کچھ دن پہلے ہی علی گڑھ کا نام بدل کر ہری گڑھ رکھنے کی کارروائی شروع ہونے کی بات سامنے آئی تھی، اور اب خبریں موصول ہو رہی ہیں کہ یوگی حکومت سلطان پور کا نام بدل کر ’کْش بھون پور‘ کرنے کی تیاری شروع کر چکی ہے۔ یوگی حکومت چاہتی ہے کہ سلطان پور کا نام بھگوان رام کے بیٹے کْش کے نام پر رکھا جائے۔ دراصل یوگی حکومت میں مسلم نام ظاہر کرنے والے شہروں اور ریلوے اسٹیشنوں کے نام لگاتار بدلے جا رہے ہیں۔ مغل سرائے جنکشن اور الٰہ آباد وغیرہ کے نام بہت پہلے ہی تبدیل ہو چکے ہیں۔ ایک سینئر افسر نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ سلطان پور کا نام بدل کر کْش بھون پور رکھنے کی تیاری ہو رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس تعلق سے ایک تجویز ریاستی حکومت کو بھیجی گئی ہے جو اسے ریاستی کابینہ سے منظوری دلائے گی۔ لمبھوا (سلطان پور) سے بی جے پی رکن اسمبلی دیومنی دویدی نے اسمبلی میں اس تعلق سے آواز بھی اٹھائی تھی۔