فیاض بخاری
بارہمولہ//ضلع بارہمولہ کے سلطان پورہ کنڈی علاقے میں حالیہ موسلا دھار بارشوں کے باعث زمین دھسنے سے ایک نئے تعمیر شدہ اسپتال کی عمارت کو خطرے میں ڈال دیا ہے، جس پر تقریباً 40 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔اطلاعات کے مطابق زمین کھسکنے کے باعث حفاظتی پتھر (پروٹیکشن بلاکس) بہہ گئے ہیں، جس کے نتیجے میں اسپتال کی عمارت کے ساتھ ساتھ قریبی گورنمنٹ ہائی اسکول کی عمارت بھی خطرے کی زد میں آ گئی ہے۔ علاقے کے قبرستان کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، جس سے کروڑوں روپے کے نقصانات کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا جائزہ لے کر ہنگامی بنیادوں پر حفاظتی اقدامات کیے جائیں تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔