ریاض //سعودی عرب اور جاپان کے مشترکہ سرماریہ کاری منصوبوں کے حوالے سے خصوصی فورم آج سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض کے الفیصلیہ ہوٹل میں منعقد ہو رہا ہے۔ سعودی عرب کی جنرل سرمایہ کاری اتھارٹی کے زیرانتظام ہونے والی ان سرگرمیوں میں سعودی وزیر تجارت وسرمایہ کاری ڈاکٹر ماجد القصبی اور جاپانی وزیر صنعت وتجارت ھیروشیجی سیکو شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ تقریب میں جنرل انویسٹمنٹ بورڈ کے گورنر انجینیر ابراہیم العمر، پبلک سیکٹر اور دونوں ملکوں کے اکنامک سیکٹر کی اہم شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق دونوں دوست ملکوں کے درمیان مشترکہ تعاون کے فروغ اور سعودی ، جاپانی منصوبوں کے لیے پچھلے سال سرمایہ کاری کے چھ پرمٹ جاری کیے گئے تھے۔ 4.5 ارب ریال کے ان سرمایہ کاری منصوبوں کی 100 فی صد رقم سروس سیکٹر سے لی گئی ہے۔جاپان اور سعودی عرب کے درمیان 60 سال پر محیط قابل رشک تعلقات میں حالیہ برسوں کیدرمیان مزید اضافہ ہوا ہے۔ دونوں ملکوں کی قیادت نے مشترکہ سرمایہ کاری کے نئے منصوبوں میں شراکت کااعلان کیا۔ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے دور حکومت میں ٹوکیو اور الریاض کے درمیان باہمی تجارتی، کاروباری اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ ملا۔ جاپان نے سعودی عرب کے اقتصادی ویڑن 2030ء میں بھرپور حصہ لینے اور اسے کامیاب بنانے میں سعودیہ کے ساتھ تعاون کا اعلان کیا ہے۔