کولمبو//سری لنکا میں دوماہ تک جاری رہنے والے سیاسی تنازعہ کے بعد اتوار کو یونائیٹڈنیشنل پارٹی کے رہنما رانل وکرم سنگھے نے ایک بار پھر وزیراعظم کے عہدے کا حلف لے لیا۔صدر میتری پال سری سینا نے پریزیڈـنٹ ہاؤس میں منعقد تقریب میں مسٹر وکرم سنگھے کو وزیراعظم کے عہدے کا حلف دلایا۔اس کے ساتھ ہی سری لنکا میں دوماہ سے جاری سیاسی بحران ختم ہوگیاہے ۔واضح رہے کہ 26اکتوبر کو صدر سری سینا نے وزیراعظم وکرم سنگھے کو عہدے سے ہٹا کر سابق صدر مہندا راج پکشے کو وزیراعظم مقررکردیاتھا۔ مسٹر راج پکشے جب 225رکنی ایوان میں اکثریت ثابت نہیں کرپائے تو صدر سری سینا نے پارلیمنٹ تحلیل کرکے انتخابات کرانے کا اعلان کردیاتھا۔صدر اس قدم کو سری لنکا کی سپریم کورٹ میں چیلنج کیاگیا۔سپریم کورٹ نے 13نومبر کو صدر کے نوٹیفکیشن کو عارضی طورپر غیرقانونی قرار دیکر انتخابات کی تیاریوں پر روک لگانے کا عبوری فیصلہ سنایا۔سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہاکہ صدر کا پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کا نوٹیفکیشن آئین روح کے مطابق نہیں ہے ۔