سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے ہفتے کو کلیدی شہری پروجیکٹوں کو عوام کے لئے وقف کیا۔ سرینگر میونسپل کارپوریشن اور سرینگر سمارٹ سٹی لمٹیڈ کی جانب سے 40.34 کروڑ روپے کے ان پروجیکٹوں کو انجا م دیا گیا ۔ اِس موقعہ پر اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ حکومت شہرکی تجدید کے لئے پُر عزم ہے جو کہ جموںوکشمیر کی اُمنگوں کی آئینہ دار ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ امرت اور سرینگر سمارٹ سٹی کے تحت اِفتتاح شدہ متعدد منصوبوں سے سماجی و اِقتصادی ترقی کی حوصلہ اَفزائی ہوگی۔ جن منصوبوں کا اِفتتاح کیا گیا ان میں پرانے ایس ایم جی لال چوک پر کثیر السطح کار پارکنگ ، اِندرا نگر میں ڈی واٹر نگ سٹیشن اور نکاسی آب سکیم، ہائی وے پارک ۔ گرین سپیس اور بمنہ میں فائونٹین بالترتیب 26.91کروڑ روپے ۔9.83 کروڑ روپے اور 3.60 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے گئے ہیں۔پرانے ایس ایم جی لال چوک پر نئی کثیر السطح کار پاکنگ کے اِفتتاح کے دوران اَفسران نے جانکاری دی کہ گرائونڈ پلس تین منزلیں کثیر السطح کار پارکنگ میں 500 کاروں اور 150 دو پہیوں کیلئے گنجائش ہے۔اِس موقعہ پر بتایا گیا کہ نیا ڈی واٹرنگ سٹیشن اور نکاسی آب سکیم2014 ء میں سب سے زیادہ سیلابی سطح سے اوپر بنایا گیاجوزیر آب پمپوں اور دیگر الیکٹرو میکنک آلات سے یس ہے۔ اِندرا نگر میںڈرنیج نیٹ ورک بنانے سے پانی کے جمود اور گلیوں میں پانی جمع ہونے کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔یہ منصوبہ مون سون اور بارشوں کے دوران پانی کے جمع ہونے سے سڑکوں کو پہنچنے والے نقصانات کو کم کرے گا۔اَفسران نے بمنہ میں ہائی وے پارک ، گرین سپیس اور فائونٹین کی خصوصیات اور فوائد کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ پارک اور فائونٹین کی تعمیر سے رہائش آبادی کے لئے تفریحی جگہ مہیا ہوگی جس سے تقریباً ایک لاکھ آبادی مستفید ہو گی۔