سرینگر//پولیس نے بدھ کو بتایا کہ سرینگر کے مضافاتی علاقہ نوگام واگورہ میں فورسز اور جنگجوﺅں کے مابین ہوئے گولیوں کے تبادلے کے دوران ایک جنگجو جاں بحق ہوگیا۔مارے گئے جنگجو کا تعلق جنوبی ضلع شوپیان سے تھا۔
پولیس نے ٹویٹر کے ذریعے پہلے جنگجوﺅں اور فورسز کے مابین معرکہ آرائی کی اطلاع دی اور بعد میں ایک جنگجو کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی۔
اس سے قبل فورسز نے واگورہ نوگام علاقے کو گذشتہ شب کے دوران جنگجوﺅں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا۔پولیس کے مطابق تلاشی آپریشن کے دوران ہی چھپے جنگجوﺅں نے فورسز پر گولیاں چلائیں اور یوں طرفین میں معرکہ چھڑ گیا۔
اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہوئے جنگجو کی شناخت عذیر اشرف ڈار والد محمد اشرف ڈار ساکن وندنہ، میلہورہ وچی ضلع شوپیان کے طور ہوئی ہے۔عذیر اس سال جنوری سے سرگرم تھا۔
اطلاعات میں مزید بتایا گیا ہے کہ معرکہ آرائی کے مقام سے فورسز نے ایک پستول ،ایک میگزین اور گولیوں کے چھ راونڈ بر آمد کئے ہیں۔