سری نگر//سرینگر سینٹرل جیل میں پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظربندوادی کشمیر کے 16قیدیوں کو ہریانہ کی جیلوں میں منتقل کیاگیا ہے۔ کے این ایس کے مطابق جموں وکشمیریوٹی حکومت نے ایک حکمنامہ زیر نمبر PB-V/585 مجریہ 2021 بتاریخ 2 اگست 2021کے تحت 16قیدیوںکو بیرون وادی کی جیلوں میں منتقل کیاہے۔ تمام 16قیدی 2019سے 2021تک سرینگر سینٹرل جیل میں قید تھے۔ سول سیکریٹریٹ میں محکمہ داخلہ کے حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ ’’10-Bکے تحت حاصل اختیارات کی رو سے جموں وکشمیرپبلک سیفٹی ایکٹ1978، حکومت اس بات کی ہدایت دیتی ہے کہ جموںو کشمیرپبلک سیفٹی ایکٹ1978کے تحت گرفتار کئے گئے 16قیدی، جوسرینگر سینٹرل جیل میں نظر بند ہیں، انہیں ہریانہ سینٹرل جیل اور ڈسٹرکٹ جیل منتقل کیا جائے‘‘۔دانش الطاف ملک ساکنہ آرمپورہ نواکدل سرینگر، ظہور احمد پرے ساکنہ کان محلہ حاجن بانڈی پورہ، محمد یوسف گنائی ساکنہ عمر آباد بارہمولہ، عارف یوسف گنائی ساکنہ قلمپورہ پلوامہ، غلام رسول ڈار ساکنہ گنگہ بگ سرینگر، عمر فیاض میر ساکنہ نادی ہل بانڈی پورہ، منظور احمد صوفی ساکنہ نٹی پورہ سرینگر، معراج الدین گنائی ساکنہ ٹینگہ پورہ سرینگر کو ڈسٹرکٹ جیل کرنال ہریانہ منتقل کیاگیا ہے۔ دیگر8قیدیوںجنید احمد ڈار ساکنہ آوند شوپیاں، سجاد احمد بٹ ساکنہ فتح کدل سرینگر، فیضان اختر بٹ ساکنہ خانیار سرینگر، بلال احمد وانی ساکنہ کریری بارہمولہ، ناصر محی الدین پہلوان ساکنہ جمالٹہ سرینگر، مدثر احمد شیخ ساکنہ ایچ ایم ٹی سرینگر، سجاد شہنواز میر ساکنہ رعناواری سرینگر اور عارف احمد ملہ ساکنہ حبک شانپورہ سرینگر کو ڈسٹرکٹ جیل جھجر ہریانہ بھیج دیاگیاہے۔ سینٹرل جیل سرینگر سے16قیدیوں کو منتقل کرنے کی کوئی وجوہات نہیں بتائی گئی ہیں۔