بانہال // جموں ۔سرینگر شاہراہ پسیاں گر آنے کی وجہ سے بدھ کے روز کم از کم دو گھنٹوں تک ٹریفک کی آمدورفت کیلئے بند رہنے کے بعد دوبارہ بحال کی گئی ۔ بدھ کی صبح دس بجے کے قریب رام بن سے گیارہ کلومیٹر دور بیٹری چشمہ کے نزدیک زیر تعمیر فورلین شاہراہ کی ایک پہاڑی شاہراہ پر گر آئی جس کی وجہ سے شاہراہ پر دو طرفہ ٹریفک متاثر ہو کر رہ گیا۔ پسی کو صاف کرنے کیلئے تعمیراتی کمپنی ہندوستان کنسٹریکشن کمپنی کی مشینری کام پر لگائی گئی اور دو گھنٹوں کی کوشش کے بعد شاہراہ کو صاف کیا گیا اور دوپہر ساڑھے بارہ بجے بعد شاہراہ پر ٹریفک کو بحال کیا گیا ۔ بیٹری چشمہ ، مگر کوٹ ، پیڑاہ اور ناشری کے درمیان وقفے وقفے سے ٹریفک جام رہا اور ٹریفک کی نقل و حرکت سست ہوکررہ گئی تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ٹریفک جام بھی صاف ہوتا گیا ۔ ایس ایس پی ٹریفک نیشنل ہائے وے سنجے بھگت نے بتایا کہ شاہراہ پر انوکھی فال ، بیٹری چشمہ کے پاس گر آئی پسی کو صاف کرکے شاہراہ کو قابل آمدورفت بنایا گیا ہے ۔ انہوں نے شاہراہ پر جمعرات کو سفر کرنے کا ارادہ رکھنے والے مسافروں سے اپیل کی کہ وہ اپنا سفر شروع کرنے سے پہلے ٹریفک پولیس سے شاہراہ کی صورتحال کے بارے میں جانکاری لیں اور اسکے بعد اپنا سفر شروع کریں تاکہ راستے میں انہیں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔