عظمیٰ نیوز سروس
ڈوڈہ//سیکرٹری ریونیو ڈاکٹر پیوش سنگلا نے ڈی سی آفس ڈوڈہ میں محکمہ ریونیو کے کام کاج کا جائیزہ لیا ۔ میٹنگ میں اے ڈی ڈی سی ڈوڈہ ، اے ڈی سی ڈوڈہ ، اے ڈی سی بھدرواہ ، تمام ایس ڈی ایم اور تحصیلداروں کے علاوہ ڈی سی آفس کے ریونیو سیکشن کے دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔ ڈاکٹر سنگلا نے لمبرداروں اور چوکیداروں کے ساتھ باقاعدگی سے /ماہانہ بات چیت کرنے اور شہریوں کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے شہریوں کو کم سے کم انسانی انٹر فیس کے ساتھ یقینی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے آن لائن موڈ میں مکمل سوئچ اوور پر زور دیا ۔ ڈاکٹر سنگلا نے افسران کو زیادہ شفافیت ، جوابدہی اور عوام کو بروقت خدمات کی فراہمی کیلئے پبلک سروسز گارنٹی ایکٹ ( پی ایس جی اے ) کی ٹائم لائن پر عمل کرنے کی ہدایت دی ۔ میٹنگ کے دوران سیکرٹری نے آن لائن جے کے ریونیو پلس سروسز کے نفاذ ، سی ایل یو کیسز کی صورتحال ، حصول اراضی کی صورتحال ، ریونیو کورٹ میں زیر التوا کیسز ، سنیارٹی لسٹوں کو حتمی شکل دینے ، محکمانہ ترقیوں ، عملے کی پوزیشنوں ، اسٹاف کی تربیت ، ضلع میں افسران /دفاتر کی رہائش ، ایس وی اے ایم آئی ٹی وی اے پر پیش رفت ، رجسٹریشن ، زیر التوا آڈٹ پارس ، شکایات اور افسران کے دیگر انفرادی مسائل کا بھی جائیزہ لیا اور تفصیل سے تبادلہ خیال کیا ۔ ڈاکٹر سنگلا نے ضلع میں محکمہ ریونیو کے کام پر اطمینان کا اظہار کیا اور افسران کو مشن موڈ میں آن لائن خدمات اور ریونیو ریکارڈ کو ڈیجیٹائیز کرنے کی تلقین کی ۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ عوام کی خدمت کرتے ہوئے عزم اور جذبے کے ساتھ کام کریں اور آن لائن میکانزم کے ذریعے ڈیلیوری کرتے ہوئے اعلیٰ ترین شفافیت اور دیانت داری کو برقرار رکھیں ۔