سرنکوٹ//اقبال نگر سرنکوٹ میں پانی کی شدید قلت پر مقامی لوگوں نے روڈ بند کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔مظاہرین کے مطابق ان کے علاقے میں وضو کرنے کیلئے بھی پانی دستیاب نہیں اور وہ صبح جب محمدی جامع مسجد میں وضو کرنے گئے تو وہاں پانی نہیں ملا۔ احتجاج میں جامع مسجد سے منسلک مدرسہ کے طلباء بھی شریک تھے ۔ انہوںنے بتایاکہ ایک ہفتے سے پانی کی شدید قلت پائی جارہی ہے اور سب کچھ جانتے ہوئے بھی محکمہ کو ٹس سے مس نہیں ہورہاجس کی وجہ سے انہیں سڑک پر اترنا پڑاہے۔انہوںنے کہاکہ پانی نہ ہونے سے ان کی نمازیں اور پڑھائی متاثر ہورہی ہے ۔مقامی لوگوںنے بتایاکہ محکمہ غفلت کی نیند سور ہاہے اور وہ پانی کی بوند بوند کو ترساں ہیں۔ محمدی جامع مسجد کے امام مولانا سعید سلفی نے بتایا کہ انہوں نے کہ آفیسروں کو جمعہ کے دن بھی اعلان کرکے بھی پانی کی قلت کے بارے میں بتایااور پھر دوسرے روز فون پر بھی ان سے بات کی لیکن ایک ہفتے سے پانی بندہے ۔انہوںنے کہاکہ محکمہ جھوٹی تسلیاں دے رہاہے ۔مولانا نے کہا کہ سب سے زیادہ دقت مدرسے کے بچوں کو آرہی ہے ۔احتجاج کی خبر ملتے ہی محکمہ کے اے ای ای موقعہ پر پہنچے اور انہوںنے لوگوں کو یقین دلایاکہ وہ پانی کی سپلائی بحال کردیںگے جس پر سڑک ٹریفک کیلئے کھول دی گئی ۔