سرنکوٹ میں محکمہ مال کی ناجائز تجاوز کیخلاف مہم

سرنکوٹ//ضلع پونچھ کی سرنکوٹ سب ڈویژن میں محکمہ مال کی جانب سے کی گئی ایک کارروائی کے دوران 346کنال سرکاری اراضی سے ناجائز قبضہ ہٹایا گیا ۔ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کی جانب سے جاری کردہ ہدایت کے بعد تحصیلدار سرنکوٹ کی قیادت میں محکمہ مال نے مالک سرکار رقبوں پر ہوئے قبضوں کو ہٹانے کیلئے ایک مہم شروع کی ۔اس دوران محکمہ مال کی ٹیم کے ہمراہ جموں وکشمیر پولیس کی ایک ٹیم بھی موجود تھی جس نے سرنکوٹ میں مختلف خسرہ نمبروںمیں ہوئے ناجائز قبضہ کو ہٹا لیا ۔تحصیلدار سرنکوٹ نے بتایا کہ کچھ لوگوں کی جانب سے سرکاری زمینوں پر غیر قانونی طورپر قبضہ کیا گیا تھا جبکہ اس سلسلہ میں ملی شکایت کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی جسکے دوران کل 346کنال اراضی سے قبضہ ہٹایا گیا ۔آفیسر موصوف نے بتایا کہ سرکاری اراضی کو خالی کروا کر نمبرداروں اور چوکیداروں کی نگرانی میں رکھ دیا گیا ہے جبکہ سرکاری اراضی پر غیر قانونی قبضہ کو کبھی بھی برداشت نہیں کیا جائے گا ۔