عظمیٰ نیوز سروس
جموں//وزیر برائے اَمورِ نوجوان و کھیل کود ستیش شرما نے کہا کہ سرنکوٹ سٹیڈیم 243.41 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔اُنہوں نے مزید بتایا کہ سرنکوٹ سٹیڈیم میں کھیلوں کے شائقین کے لئے جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں جن میں پویلین، چینج روم، لڑکوں اور لڑکیوں کے لئے علیحدہ بیت الخلأ، مصنوعی والی بال، باسکٹ بال اور بیڈمنٹن کورٹس، کنکریٹ پریکٹس پچ اور پینے کے پانی کی سہولیت کے لئے بورویل شامل ہیں۔وزیرموصوف نے کہا کہ سٹیڈیم کے علاوہ محکمہ نے سرنکوٹ اسمبلی حلقہ کے چرالاں فضل آباد میں ایک پلے فیلڈ بھی تعمیر کیا ہے جس میں جدید پویلین اور ان بلٹ ساؤنڈ سسٹم سمیت 31.22 لاکھ روپے کی لاگت سے سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ اُنہوںنے مزید کہا کہ سرنکوٹ سپورٹس سٹیڈیم میں والی بال کورٹ رواں مالی سال 2024-25 ء کے دوران مکمل کیا گیا ہے اور کھلاڑیوں کے لئے کوچنگ کی سہولیت محکمہ فراہم کرے گاجبکہ کبڈی سینٹر کا قیام وسائل کی دستیابی سے مشروط ہوگا۔وزیرموصوف نے بتایا کہ کھیلو اِنڈیا سکیم کے تحت بی ڈِی او آفس بفلیاز کے قریب ڈربہ/مستاندارہ میں کوئی پروجیکٹ منظور نہیں کیا گیا ہے اور محکمہ کو سٹیڈیم یا پلے فیلڈ کی تعمیر کے لئے زمین کے حصول کے بارے میں ریونیو حکام سے کوئی اطلاع نہیں ہے۔وزیر نے مزید بتایا کہ کھیلو انڈیا سکیم کے تحت چرالاں فضل آباد میں کھیلو اِنڈیا سینٹر میں فٹ بال کے شعبے میں 40 کھلاڑیوں کو تربیت یافتہ کوچ اورمینٹور کے ذریعے مفت تربیت دی جا رہی ہے، جہاں انہیں کھیل کے بنیادی ڈھانچے، کوچنگ اور ساز و سامان تک مفت رسائی حاصل ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ضلع پونچھ میں 2024-25 ء کے دوران مختلف محکمانہ کھیلوں اور دیگر سرگرمیوں میں طلبأ اور کھلاڑیوں کی شرکت 2,46,890 تک پہنچ گئی۔