محتشم احتشام
سرنکوٹ//محکمہ اسٹیٹ ٹیکس جموں و کشمیر کی جانب سے ٹیکس قوانین پر مؤثر عمل درآمد اور تجارتی سرگرمیوں میں شفافیت کو یقینی بنانے کے مقصد سے جمعرات کے روز سرنکوٹ میں ایک بڑی چیکنگ مہم انجام دی گئی۔ اس خصوصی کارروائی کے تحت صبح سویرے ہی سرنکوٹ بس اڈہ پر تعینات ٹیم نے مال بردار گاڑیوں کو روک کر ان کی جامع جانچ پڑتال شروع کی، جس سے علاقے میں کاروباری حلقوں میں خاصی گہماگہمی دیکھی گئی۔ذرائع کے مطابق محکمہ اسٹیٹ ٹیکس کی خصوصی ٹیم نے مختلف مقامات سے آنے والی اور جانے والی مال بردار گاڑیوں کو روک کر ان کے ساتھ موجود بل، رسیدیں، ای۔وے بل، جی ایس ٹی دستاویزات اور دیگر متعلقہ کاغذات کی باریک بینی سے جانچ کی۔ اس دوران گاڑیوں میں لدا سامان، اس کی نوعیت اور دستاویزات میں درج تفصیلات کا باہمی تقابل بھی کیا گیا تاکہ کسی بھی قسم کی بے ضابطگی، ٹیکس چوری یا قواعد کی خلاف ورزی کا بروقت پتہ لگایا جا سکے۔محکمہ کے ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی تجارتی نظام کو منظم رکھنے، ریاستی محصولات کے تحفظ اور غیر قانونی نقل و حمل کی روک تھام کے لئے معمول کے مطابق عمل میں لائی گئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جی ایس ٹی قوانین کے تحت تمام تاجروں اور ٹرانسپورٹروں پر لازم ہے کہ وہ سامان کی نقل و حمل کے دوران درست اور مکمل دستاویزات اپنے ہمراہ رکھیں، بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔چیکنگ مہم کے دوران بعض گاڑیوں کو نسبتاً طویل وقت تک روکا گیا، جس پر ڈرائیوروں اور تاجروں نے تعاون کا مظاہرہ کیا اور مطلوبہ دستاویزات پیش کیں۔تاہم خبر فائل کئے جانے تک اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ آیا کسی گاڑی کا چالان کیا گیا ہے یا کسی پر جرمانہ عائد ہوا ہے۔علاقہ مکینوں اور کاروباری طبقے کے بعض افراد نے اس اقدام کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی کارروائیاں نہ صرف ٹیکس نظام کو مضبوط بناتی ہیں بلکہ ایماندار تاجروں کے مفادات کا بھی تحفظ کرتی ہیں۔ محکمہ اسٹیٹ ٹیکس کی جانب سے عندیہ دیا گیا ہے کہ آئندہ بھی اس نوعیت کی چیکنگ مہمات جاری رہیں گی تاکہ ٹیکس چوری کے رجحان کی حوصلہ شکنی کی جا سکے اور شفاف تجارتی ماحول کو فروغ دیا جا سکے۔