کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے دورافتادہ علقہ سب ڈویژن مڑواہ میں بیشتر سرکاری دفاتر گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنا کام کاج ضلع ہیڈکوارٹر سے چلارہے جسکے سبب اس علاقہ کی عوام کو معمولی کام کیلئے بھی ضلع ہیڈکوارٹر کا رخ کرنا پڑتا ہے۔ اگرچہ علاقہ کی عوام نے متعدد مرتبہ سرکاری دفاتر کا کام کاج مڑواہ سے چلانے کیلئے درخواستیں دیں تاہم عملی طور کچھ نہیں ہوا اور یہ دفاتر من مانے طور ضلع صدر مقام سے ہی اپنا کام چلانے کو ترجیح دیتے رہے ۔ سب ڈویژنل مجسٹریٹ مڑواہ محسن رضا نے اسی ماہ کی 13 کو سب ڈویژن کے دفاتر کا اچانک دورہ کیا تھا جس دوران 10 دفاترو کوبند پایا گیاجن میں ویٹر نری ڈسپنسری نواپاچی،سی ڈی پی او مڑواہ،تحصیل سپلائی دفتر،ایچ ڈی او دفتر ،ایس ڈی اے او دفتر، سوشل ویلفیئر دفتر، زیڈ ای او دفتر،پرنسپل ہائر اسکینڈری سکول ،رینج افسر فارسٹ رینج و شیپ و وول ڈیولپمنٹ دفتر مڑواہ شامل تھے۔جبکہ دیہی ترقی دفتر مڑواہ میں صرف چوکی دار پایا گیاتھا،نیزٹریجری دفتر و ایگزیکٹو انجینئر پی ڈبلیو ڈی و پی ایم جی ایس وائی مڑواہ کے دفاتر زمینی سطح پر پائے ہی نہیں گئے جسکے بعد انھیں دو روز کے اندر جوابات دینے کو کہاگیا تھا تاہم اس کے باوجود کچھ نہیں ہوا ۔ تازہ پیش رفت کے تحت اب ضلع ترقیاتی کونسلر ممبر مڑواہ محمدظفر اللہ نے بھی کل ضلع ترقیاتی کمشنرکشتواڑ کو تحریری خط لکھ کر انہیں مطلع کیا کہ مڑواہ کے تمام تر دفاتر ضلع ہیڈکوارٹر سے کام چلارہے اور ملازمین و افسران ہر ماہ کروڑوں روپے کی تنخواہ سرکاری خزانے سے لیتے تو ہیں لیکن ڈیوٹی انجام نہیں دیتے جبکہ کسی وئی آئی پی کے آنے پر ہی علاقہ میں نظر آتے ہیں اورپھر کچھ ہی روز بعد غائب ہوجاتے ہیں۔خط میں انہوں نے تمام تر سرکاری دفاترو و ملازمین کو سب ڈویڑن مڑواہ سے کام کروانے کیلئے ضلع ترقیاتی کمشنرسے گزارش کی جس کا نوٹس لیتے ہوے ضلع ترقیاتی کمشنر نے ایک حکمنامہ زیر نمبر DDCK/E&S/For 194/20-21/ 9924-74 تاریخ 23-02-2021 جاری کیا جس میں انھوں نے تام تر سب ڈویڑن، بلاک ،و تحصیل سطح کے سرکاری دفاتر کو اپنی جگہوں سے کام کرنے کو کہا اور ضلع صدر مقام سے کام کرنے کیلئے انھیں متعلقہ حکام سے اجازت لینالازمی قرار دیا۔حکم نامہ میں کہاگیا ہے کہ ان تمام تر محکمہ جات جن کے دفاتر ضلع صدرمقام سے چل رہے ہیں، کو دو روز کے اندر وضاحت د ینے کیلئے کہاگیا کہ کس کے کہنے پر وہ ضلع ہیڈکوارٹر سے کام چلارہے ہیں بصورت دیگر انکے خلاف کاروائی عمل میں لائی جا ئے گی۔ ڈی سی کے حکم نامہ کے بعد یہ امیدپیدا ہوگئی ہے کہ جوابدہی قائم ہوگی اور یہ سبھی دفاتر مڑواہ واپس منتقل ہونگے جہاں موقعہ پر ہی عوامی مسائل کا نپٹارہ ممکن بن سکتا ہے۔