سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے کل سرمائی کھیلوں ۔2022 کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی اور یہاں سول سیکرٹریٹ میں امور نوجوان و کھیل کود محکمہ کی مختلف سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری امورِ نوجوان و کھیل کود آلوک کمار ، ناظم امورِ نوجوان و کھیل کود غضنفر علی ، سپیشل سیکرٹری ایم اَشرف بٹ ، ا و ایس ڈی محمد اشرف حکاک ، سیکرٹری سپورٹس کونسل نزہت گل اور دیگر اَفسران موجود تھے۔میٹنگ میں سپورٹس کونسل ، سپورٹس انفراسٹرکچر ، مختلف کھیلوں کے ایونٹوں کے اِنعقاد ، تربیت اور کوچنگ سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ ہمالیائی ممالک کے شرکا بھی اِس ایونٹ میں متوقع ہیں جس میں آئس سکیئنگ ، سنو شوئنگ ، آئس ہاکی ، آئس سکیٹنگ وغیرہ سمیت کئی کھیل منعقد ہوں گے ۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے اَفسران پر زوردیا کہ وہ ہم آہنگی سے کام کریں۔