غلام نبی رینہ
کنگن// موسم سرما کے دوران سونہ مرگ میں ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو راغب کرنے اور سرمائی کھیلوں کا اہتمام کرنے کیلئے امسال سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور محکمہ سیاحت کی طرف سے تیاریاں جاری ہیں جبکہ سیاحت سے وابستہ افراد نے بھی سونہ مرگ کو موسم سرما میں کھلا رکھنے کے ساتھ ساتھ سرما کے دوران یہاں سیاحوں کوزیادہ سے زیادہ راغب کرنے کے اس قدم کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے بتایا کہ سب ضلع کنگن کے علاقے کے افراد صدیوں سے سیاحت سے وابستہ ہیں اور ان کا روزگار سیاحت سے جڑا ہواہے اور موسم سرما کے دوران شدید برفباری سے بند کیا جاتا تھا جس کی وجہ سے سیاحت سے وابستہ افراد کا روزگار متاثر ہورہا تھا لیکن انتظامیہ گذشتہ تین برس سے اب موسم سرما کے دوران سونہ مرگ کو سیاحوں کے لئے کھولا جارہا ہے جبکہ محکمہ سیاحت اور سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی طرف سے سونہ مرگ میں سرمائی کھیلوں کا اہتمام کرنے کے ساتھ ساتھ یہاں کی طرف زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کرنے سے سونہ مرگ میں سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا جس سے سیاحت سے وابستہ افراد کو بھی روزگار حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ چیف ایگزیکٹو افسر سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی ڈاکٹر الیاس حسین نے بتایا کہ وہ سونہ مرگ میں موسم سرما میں کھلا رکھنے اور سیاحوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے میں سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے تمام محکموں اور ہوٹلیرس سے کہا ہے کہ وہ برفباری کے دوران سیاحوں کیلئے بہتر سہولیات کے لئے تیار رہے۔ انہوں نے برفباری کے دوران بجلی، پینے کاپانی، صحت،اندرونی سڑکوں سے برف ہٹانے ،ہوٹلوں تک سڑک کو صاف رکھنے کی تیاری کا بھی جائزہ لیا تاکہ برفباری کے دوران سیاحوں کو کسی طرح کے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔چیف ایگزیکٹو افسر سونہ مرگ نے اپنے عملے کو بھی تیار رکھا ہے۔