مےنڈھر//سرحد پر مسلسل تناﺅ اس دشوار گزار خطہ پیر پنجال کی پسماندگی کی اصل وجہ رہی ہے اوریہاں قائم اس خونی لکیر نے خطہ میں آباد عوام کو کچھ اس طرح تقسیم کیا کہ ایک ہی ماں کے شکم سے تولد پانے والا کوئی شرق میں جا بسا اورکوئی غرب میں اپنے عزیزوں کے انتظار میں منتظر ایام اسیری گزار رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈراور رکن قانون ساز اسمبلی مینڈھر جاویداحمد رانا نے لائن آف کنٹرول پر واقع پنچایت بھروتی میں عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ سرحد پر آباد عوام نے ہمیشہ وطن عزیز کے وقار کو سر بلند رکھا جس کی وجہ سے آج یہاںامن قائم ہے ۔انہوںنے کہاکہ خطہ پیر پنجال میں آج جو امن ،خوشحالی اور رواداری کا دور ہے، اس کا سہرا عوام کو جاتا ہے نہ کہ سرکار یا کسی سرکاری ایجنسی کو۔جاوید احمد رانا نے تار بندی کے اندر مقید عوام کی پریشانیوں کو دیکھتے ہوئے پرائمری ہیلتھ سنٹر بھروتی میں حلقہ اختیاراتی فنڈ سے ایک ایمبولینس دی تاکہ کشیدہ حالات میں لوگوںکو ہسپتال منتقل کیاجاسکے ۔ موصوف نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ خطہ پیر پنجال پر مشتمل دونوں اضلاع راجوری اور پونچھ کو پسماندہ اور بارڈر علاقہ قرار دے کر خصوصی مالی پیکیج کااعلان کیا جائے تاکہ اس سرحدی علاقہ کی تعمیر و ترقی ممکن ہو سکے۔انہوں نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ اوڑی سے لے کر راجوری پونچھ کے عوام کے یکساں مشکلات و مسائل ہیںجہاںخصوصی مالی پیکیج کے بغیر عوام کو تمام بنیادی سہولیات میسر نہیں کروائی جا سکتی ۔انہوںنے کہاکہ نوجوانوں کیلئے بھرتی مہم چلائی جائے ۔سرحدی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ برصغیر ایشیاءمیں امن کے قیام کی خاطر دونوں ممالک کے سربراہان کو بلا تاخیر بات چیت کا آغاز کرناچاہئے ۔اس موقعہ پر ضلع و سب ضلع انتظامےہ اور مقامی فوج کے ڈپٹی کمانڈنگ آفیسر بھی موجود تھے۔