سمت بھارگو
راجوری//سلامتی کے اداروں نے الرٹ جاری کر دیا ہے کیونکہ متعدد واقعات میں مشکوک فضائی گاڑیوں کو لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر دیکھا گیا ہے۔راجوری کے نوشہرہ میں فوج کے اہلکاروں نے بھی اس مشکوک ڈرون کو گرانے کی کوشش میں فائرنگ کی۔سرکاری ذرائع کے مطابق، نوشہرہ کے کلسیاں علاقے میں ایل او سی پر فوجی اہلکاروں نے ایک مشکوک فضائی حرکت دیکھی جسے ڈرون کی حرکت کے طور پر سمجھا گیا۔فوجی اہلکاروں نے اس ڈرون کو گرانے کی کوشش میں فائرنگ بھی کی۔دوسری طرف، سرکاری ذرائع نے کہا کہ پونچھ کے منڈھر کے منکوٹ علاقے میں بھی ایک مشکوک ڈرون کی حرکت نوٹ کی گئی ہے۔اسی طرح سانبہ ضلع کے چک بابرال گاؤں میں مقامی افراد نے بتایا کہ انہوں نے بین الاقوامی سرحد کے قریب ایک ڈرون کو اڑتے دیکھا جو واپس پاکستان چلا گیا۔ان متعدد ڈرون سرگرمیوںکے بعد سرکاری ذرائع نے کہا کہ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور فورسز اعلیٰ سطح کی چوکسی برقرار رکھے ہوئے ہیں، کیونکہ ممکنہ طور پر ڈرون کے ذریعے اسلحہ، گولہ بارود یا منشیات گرائے جانے کے خطرات موجود ہیں۔