شوپیان+کپوارہ /شاہد ٹاک+ اشرف چراغ/ سدھو اہر بل علاقے میں فوج کا ایک اہلکار معمول کے گشت کے دوران پیر پھسلنے سے نالہ ویشو میں ڈوب کر لقمہ اجل بن گیا جبکہ کپوارہ میں ایک اہلکار (ڈرائیور) دو کیسپرگاڑیوں کی زد میں آکر ہلاک ہوا۔سدھو شوپیان میں قائم 62آر آر سے وابستہ ایک گشتی پارٹی ریشی نگری اہر بل علاقے سے معمول کی گشت پر تھی جس کے دوران نالہ ویشو کے کنارے ارون کمار ساکن پٹھانکوٹ نامی ایک اہلکار کا پیر پھسل گیا اور وہ نالہ ویشو کے تیز بہائو میں ڈوب گیا۔ اگر چہ اسے ساتھیوں نے بچانے کی کوشش کی اور اسے پانی میں سے نکالا اور اسپتال پہنچایا لیکن وہ تب تک دم توڑ بیٹھا تھا۔ادھر کپوارہ میں اُس وقت فوج کا ایک کیسپر ڈرائیور لقمہ اجل بن گیا جب وہ دو گاڑیوں کی زد میں آگیا۔41آر آر کا ایک کیسپر ڈرائیور( اہلکار) بھوپتی ساکن تامل ناڑو اپنی گاڑی کے پیچھے کھڑا تھا جس کے دوران گاڑی کی بریک فیل ہوئی اور گاڑی پیچھے کی طرف آنے لگی اور مذکورہ ڈرائیور پیچھے کھڑی ایک اور کیسپر گاڑی کیساتھ جا لگا اور دونوں گاڑیوں کے بیچ میں پھنس گیا۔اگر چہ اسے گاڑیوں کے بیچ سے نکالا گیا اور اسپتال پہنچایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔