محمد تسکین
بانہال//نیشنل کانفرنس ممبر اسمبلی بانہال سجاد شاہین نے جمعرات کے روز بانہال کے وارڈ نمبر 4اور 5کیلئے 2کروڑ 25لاکھ روپئے کی لاگت سے تیار کیے جانے والے واٹر سپلائی سکیم کا سنگِ بنیاد رکھا ۔اس موقع پر سجاد شاہین نے 52لاکھ روپئے کی مجموعی لاگت سے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا بھی آغاز کیا، جن میں ڈلی نالہ زنہال کا کلورٹ ، چاچاہال روڈ تا نائیک پورہ روڈ ، ڈلی نالہ زنہال پر سیلاب سے تحفظ کے کام، اولڈ لامبر ۔ چریِل پل، ڈلی نالہ سے پہلپورہ کسکوٹ تک ٹریکٹر روڈ اور گنڈ عدلکوٹ سے گگتھل روڈ پر حفاظتی کام شامل ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایم ایل اے سجاد شاہین نے کہا کہ ان منصوبوں کا آغاز عوام کے دیرینہ اور حقیقی مسائل کے حل کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔
انہوں نے ماضی کی مشکلات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مناسب سڑکوں کی عدم موجودگی میں مریضوں کو کندھوں پر اٹھا کر لے جانا پڑتا تھا، طلبہ کو غیر محفوظ راستوں سے سکول جانا پڑتا تھا اور ضروری اشیاء کی بروقت ترسیل بھی ایک بڑا چیلنج تھی۔انہوں نے کہا کہ ہر مستحق بستی کو سڑک رابطہ فراہم کرنا ان کے انتخابی وعدوں میں شامل تھا اور انہیں خوشی ہے کہ وہ اپنے وعدے پورے کر رہے ہیں۔ ایم ایل اے نے کہا ’’میری اولین ترجیح بانہال ۔ گول حلقہ انتخاب کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ یہ منصوبے محض تعمیراتی کام نہیں بلکہ عوام کی روزمرہ زندگی بدلنے والی لائف لائنز ہیں جو نئے مواقع پیدا کریں گی‘‘۔آخر میں ممبر اسمبلی سجاد شاہین نے زور دے کر کہا کہ یہ تمام اقدامات ایک جامع اور مربوط ترقیاتی منصوبے کا حصہ ہیں، جس کا مقصد حلقہ انتخاب کے ہر گاؤں اور ہر گھر تک منصفانہ، ہمہ گیر اور پائیدار ترقی پہنچانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مزید کئی اہم اور طویل عرصے سے زیر التوا منصوبوں کو بھی منظوری مل چکی ہے، جن پر آنے والے مہینوں میں عملی کام شروع کیا جائے گا۔