گول//سب ڈویژن گول میں محکمہ صحت کی بگڑتی صحت سے عام لوگوں کو بھی کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ جہاں ایک طرف سے پورے ڈویژن میں عملہ کی شدید قلت پائی جا رہی ہے وہیں دوسری جانب لوگوں کو دیگر کاموں میں بھی کافی پریشانیوں کا سامنا کرناپڑتا ہے ۔ حال ہی میں تحصیلدار گول نے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال پر اچانک چھاپہ مارا جہاں پر انہوں نے ہسپتال کی ابتر دیکھی اور تشویش کا اظہار کیا ۔تحصیلدار نے تمام ریکارڈ بھی ضبط کیا تھا لیکن بعد میں معلوم نہ ہو سکا کہ کوئی کارروائی ہوئی یا نہیں ۔ وہیں چیف میڈیکل آفیسر رام بن نے کارروائی کی یقین دہانی کرائی ۔گول میں ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے چیف میڈیکل آفیسر رام بن نے کہا کہ 118پوسٹوں میں53پوسٹیں خالی ہیں سب ڈویژن گول میں اور اعلیٰ حکام کو تحریری طور پر بھی آگاہ کیا ہے ، یہاں تک کہ بورڈ میٹنگوںمیں بھی اس مسئلے کو اٹھایا گیا ہے ۔ انہوں نے زچگی پیسہ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ’’میرے تک ہے پیسہ ریلیز کرنا وہ تمام میں نے ریلیز کیا ہے ، ہاں اگر ایسی کوئی شکایت ہے کہ کسی کو پیسہ نہیں ملا وہ تحریری طو رپر لکھ کر دیں کارروائی کروں گا ‘‘۔ انہوں نے کہا کہ اگر پیسہ کم ہے کو اور بھیجیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے بی ایم او گول سے کہا ہے کہ وہ ہسپتال میں برتی جا رہی کوتاہیوں پر نظر رکھیں اور کوتاہی کرنے والے کو بخشا نہیں جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کو گول میں بہتر بنانے کے لئے میں کوشش کر رہاں ہو اور جہاں تک ہو سکے میں کروں گا ۔